سورہ انشقاق: آیت 4 - وألقت ما فيها وتخلت... - اردو

آیت 4 کی تفسیر, سورہ انشقاق

وَأَلْقَتْ مَا فِيهَا وَتَخَلَّتْ

اردو ترجمہ

اور جو کچھ اس کے اندر ہے اُسے باہر پھینک کر خالی ہو جائے گی

انگریزی ٹرانسلیٹریشن

Waalqat ma feeha watakhallat

آیت 4 کی تفسیر

والقت ............................ وتخلت (4:84) ” جو کچھ اس کے اندر ہے اسے باہر پھینک کر خالی ہوجائے گی “۔ یہ ایک ایسی تصویر کشی ہے کہ یہ زمنی گویا ایک زندہ اور صاحب ارادہ چیز ہے ، اور یہ وہ اپنے اندر کی چیزوں کو باہر پھینک کر خالی ہورہی ہے۔ کیونکہ اس کے اندر بہت کچھ ہے۔ مثلاً یہ مخلوقات جن کا گننا مشکل ہے ، جو صدیوں سے اس کے اندر دفن ہورہی ہیں اور نہ اس کے زمانے کا علم ہے اور نہ لوگوں کی تعداد کا۔ زمین کے پیٹ کے اندر جو معدنیات ، پانی اور دوسری چیزیں ہیں جن کا علم صرف اللہ کو ہوے ، سب باہر آجائیں گی۔ صدیوں سے یہ زمین ان چیزوں کو اٹھائے ہوئے ہے۔ جب قیامت برپا ہوگی تو یہ سب چیزوں اور سب رازوں کو اگل دے گی۔

آیت 4{ وَاَلْقَتْ مَا فِیْہَا وَتَخَلَّتْ۔ } ”اور وہ نکال باہر کرے گی جو کچھ اس کے اندر تھا اور خالی ہوجائے گی۔“ سورة الزلزال میں یہی بات یوں بیان ہوئی ہے : { وَاَخْرَجَتِ الْاَرْضُ اَثْقَالَھَا۔ } ”اور جب زمین اپنے سارے بوجھ نکال کر باہر پھینک دے گی“۔ قیامت کے دن زمین اپنے اندر مدفون تمام انسانوں کے اجسام اور ان کے تمام اجزاء کو نکال کر باہرکرے گی۔ اس کے علاوہ بھی زمین میں جو کچھ معدنیات اور خزانے مخفی ہیں وہ قیامت کے دن نکال کر باہر پھینک دے گی۔

آیت 4 - سورہ انشقاق: (وألقت ما فيها وتخلت...) - اردو