سورہ انشقاق: آیت 2 - وأذنت لربها وحقت... - اردو

آیت 2 کی تفسیر, سورہ انشقاق

وَأَذِنَتْ لِرَبِّهَا وَحُقَّتْ

اردو ترجمہ

اور اپنے رب کے فرمان کی تعمیل کرے گا اور اُس کے لیے حق یہی ہے (کہ اپنے رب کا حکم مانے)

انگریزی ٹرانسلیٹریشن

Waathinat lirabbiha wahuqqat

آیت 2 کی تفسیر

واذنت ................ وحقت (2:84) ” اور اپنے رب کے فرمان کی تعمیل کرے گا اور اس کے لئے حق یہی ہے “۔ کہ اپنے رب کے احکام کی تعمیل کرے۔ آسمان کی طرف سے ” اذن “ یعنی اعلان یا اجازت کا مفہوم یہ ہے کہ وہ پھٹنے میں اللہ کے حکم کی تعمیل کرے گا اور حقت کے معنی یہ ہیں کہ اس کے اوپر اللہ کا یہ حق واقع ہوگیا۔ اور اس نے اس بات کا اعتراف کرلیا کہ اس پر اللہ کا یہ حق ہے اور یہ بھی ایک طرح کا اظہار ہے۔ تسلیم اور اطاعت کا کہ یہ اللہ کا مسلمہ حق ہے آسمان پر۔

آیت 2{ وَاَذِنَتْ لِرَبِّہَا وَحُقَّتْ۔ } ”اور اپنے رب کے حکم کی تعمیل کرے گا اور اسے یہی زیب دیتا ہے۔“ اَذِنَتْ لِرَبِّہَاکا لفظی ترجمہ یوں ہوگا کہ وہ اپنے رب کے حکم پر کان لگائے ہوئے ہے اور جو بات کان لگا کر سنی جائے اس کے مطابق عمل بھی کیا جاتا ہے۔ اَذِنَتْ کا معنی اِسْتَمَعَتْ وَاِنْقَادَتْ کیا گیا ہے۔ یعنی اس نے غور سے سنا اور تعمیل کی۔ حُقَّتْ یہاں مجہول ہے حَقَّ یَحِقُّ سے۔ یعنی وہ اسی لائق ہے اور اس کا فرض ہے کہ وہ بےچون و چرا اپنے خالق کے حکم پر سرتسلیم خم کرے۔

آیت 2 - سورہ انشقاق: (وأذنت لربها وحقت...) - اردو