سورہ محمد: آیت 5 - سيهديهم ويصلح بالهم... - اردو

آیت 5 کی تفسیر, سورہ محمد

سَيَهْدِيهِمْ وَيُصْلِحُ بَالَهُمْ

اردو ترجمہ

وہ ان کی رہنمائی فرمائے گا، ان کا حال درست کر دے گا

انگریزی ٹرانسلیٹریشن

Sayahdeehim wayuslihu balahum

آیت 5 کی تفسیر

سیھدیھم ویصلح بالھم (48 : 5) ویدخلھم الجنۃ عرفھا لھم (48 : 6) “ وہ ان کی رہنمائی فرمائے گا ان کا حال درست کرے گا اور ان کو اس جنت میں داخل کرے گا جس سے وہ ان کو واقف کرا چکا ہے ”۔ ان کے اعمال ضائع نہ کرے گا ۔ یہ اس بات کے بالمقابل ہے جو کفار کے معاملے میں کہی گئی کہ ان کے اعمال ضائع ہوں گے۔ اس لیے کہ مومنین کے اعمال مضبوط اور اصل درخت سے جڑے ہوئے ہیں اور یہ درخت ہے سچائی کا درخت۔ یہ اعمال اس حق اور سچائی سے صادر ہوتے ہیں۔ یہ اعمال حق کی حمایت میں ہوتے ہیں۔ حق کی سمت میں ہوتے ہیں۔ اس لیے یہ باقی ہوتے ہیں اور دوام کی صفت رکھتے ہیں کیونکہ حق لازوال ہے۔

شہداء کی حقیقت قابل غور ہے۔ اللہ تعالیٰ نے ان کے بارے دوسری جگہ میں فیصلہ دے دیا ہے۔

ولا تقولوا لمن ۔۔۔۔۔۔ لا تشعرون “ اور جو اللہ کے راستے میں قتل ہوتے ہیں ان کو مردہ نہ کہو ، بلکہ وہ زندہ ہیں لیکن تمہیں اس کا شعور نہیں ”۔ لیکن یہاں ان کو ایک دوسرے پہلو سے پیش کیا جاتا ہے کہ انہوں نے جس راستے میں متاع حیات قربان کی اس راستے میں وہ مسلسل آگے ہی بڑھ رہے ہیں۔ وہ ہدایت خلوص ، صفائی اور اطاعت کی راہ ہے۔

سیھدیھم ویصلح بالھم (47 : 5) “ اللہ ان کی رہنمائی فرمائے گا اور ان کا حال درست کر دے گا ”۔ وہ اپنے رب اللہ کی راہ میں قتل ہوئے ہیں ، وہ اب بھی ان کی رہنمائی کر رہا ہے۔ یعنی شہادت کے بعد بھی وہ درجات عالیہ طے کر رہے ہیں اور ان کے حالات درست کئے جا رہے ہیں اور ان کی روح زمین کی آلودگیوں سے پاک ہو رہی ہے۔ ان کو ملاء اعلیٰ میں جو مقام حاصل ہے ، اس مقام کی مناسبت سے ان کو مزید تربیت دی جارہی ہے۔ اور وہ صاف و شفاف بنائے جارہے ہیں۔ یہ ایک مسلسل زندگی ہے۔ صرف اہل زمین کی نظروں میں یہ منقطع ہوگئی ہے۔ اہل زمین شہادت کے درجات کو دیکھ نہیں پاتے اس زاویے سے اندھے ہیں ، جب کہ یہ شہداء حضرات عالم بالا میں بدستور درجات بلند کے مدارج طے کر رہے ہیں۔ ہدایت ، صفائی ، اشراق اور شفافی میں مزید انوار ربی حاصل کر رہے ہیں۔۔۔۔ اور سب سے آخر میں !

آیت 5 { سَیَہْدِیْہِمْ وَیُصْلِحُ بَالَہُمْ } ”وہ ان کی راہنمائی کرے گا اور ان کے احوال کو سنوار دے گا۔“

آیت 5 - سورہ محمد: (سيهديهم ويصلح بالهم...) - اردو