سورہ زلزلہ: آیت 4 - يومئذ تحدث أخبارها... - اردو

آیت 4 کی تفسیر, سورہ زلزلہ

يَوْمَئِذٍ تُحَدِّثُ أَخْبَارَهَا

اردو ترجمہ

اُس روز وہ اپنے (اوپر گزرے ہوئے) حالات بیان کرے گی

انگریزی ٹرانسلیٹریشن

Yawmaithin tuhaddithu akhbaraha

آیت 4 کی تفسیر

یومئذ (4:99) ” اس دن “۔ جس دن یہ زلزلہ واقعہ ہوگا اور انسان اس کے سامنے دہشت زدہ ہوگا۔ اس دن۔

تحدث اخبارھا (4:99) ” وہ اپنے (اوپر گزرے ہوئے حالات بیان کرے گی “۔ اس دن یہ زمین اپنی خبریں دے گی اپنے حالات بتائے گی اور اپنی پوری کہانی بیان کرے گی۔

آیت 4{ یَوْمَئِذٍ تُحَدِّثُ اَخْبَارَہَا۔ } ”اس دن یہ اپنی خبریں کہہ سنائے گی۔“ اس دن اللہ تعالیٰ زمین کو بھی بولنے کی صلاحیت عطا فرمائے گا اور وہ ہر انسان کے بارے میں ایک ایک خبر دے گی کہ وہ اس کی پشت پر بیٹھ کر کیا کیا حرکتیں کرتا رہا ہے۔ یعنی جس طرح انسان کے ہاتھ پائوں اور دوسرے اعضاء اس دن اس کے خلاف گواہی دیں گے اسی طرح زمین کا متعلقہ حصہ اور ٹکڑا بھی اس کے خلاف بطور گواہ کھڑا ہوگا۔ سورة حٰمٓ السجدۃ آیت 21 میں ان گواہیوں کے حوالے سے بہت عبرتناک مکالمات کا ذکر ہے۔ جب انسانوں کی جلدوں سمیت ان کے تمام اعضاء ان کے خلاف گواہیاں دے رہے ہوں گے تو وہ جھنجھلا کر اپنی جلدوں سے کہیں گے : { لِمَ شَہِدْتُّمْ عَلَیْنَاط } کہ تم کیوں ہمارے خلاف بول رہے ہو ؟ اس پر وہ ترکی بہ ترکی جواب دیں گی : { اَنْطَقَنَا اللّٰہُ الَّذِیْٓ اَنْطَقَ کُلَّ شَیْئٍ } کہ آج ہمیں بھی اس اللہ نے بولنے کی صلاحیت عطا کردی ہے جس نے باقی ہرچیز کو بولنا سکھایا ہے۔ بہرحال اس دن اللہ تعالیٰ زمین کو بھی زبان عطا کرے گا اور وہ انسانوں سے متعلق تمام احوال کی ایک ایک تفصیل بیان کرے گی۔

آیت 4 - سورہ زلزلہ: (يومئذ تحدث أخبارها...) - اردو