سورہ تحریم: آیت 5 - عسى ربه إن طلقكن أن... - اردو

آیت 5 کی تفسیر, سورہ تحریم

عَسَىٰ رَبُّهُۥٓ إِن طَلَّقَكُنَّ أَن يُبْدِلَهُۥٓ أَزْوَٰجًا خَيْرًا مِّنكُنَّ مُسْلِمَٰتٍ مُّؤْمِنَٰتٍ قَٰنِتَٰتٍ تَٰٓئِبَٰتٍ عَٰبِدَٰتٍ سَٰٓئِحَٰتٍ ثَيِّبَٰتٍ وَأَبْكَارًا

اردو ترجمہ

بعید نہیں کہ اگر نبیؐ تم سب بیویوں کو طلاق دیدے تو اللہ اسے ایسی بیویاں تمہارے بدلے میں عطا فرما دے جو تم سے بہتر ہوں، سچی مسلمان، با ایمان، اطاعت گزار، توبہ گزار، عبادت گزار، اور روزہ دار، خواہ شوہر دیدہ ہوں یا باکرہ

انگریزی ٹرانسلیٹریشن

AAasa rabbuhu in tallaqakunna an yubdilahu azwajan khayran minkunna muslimatin muminatin qanitatin taibatin AAabidatin saihatin thayyibatin waabkaran

آیت 5 کی تفسیر

پھر اگلی آیت میں ان کو نہایت ہی صراحت کے ساتھ بتایا گیا کہ نبی کریم ﷺ کے لئے اور آپ کے گھرانے کے لائق کیسی خواتین درکار ہیں۔ اگر تمہیں طلاق دے دی گئی تو تم سے بہتر اور ان صفات والی خواتین تمہاری جگہ لیں گی :

عسیٰ ربہ .................... وابکارا (66 : 5) ” بعید نہیں کہ اگر نبی تم سب بیویوں کو طلاق دے دے تو اللہ اسے ایسی بیویاں تمہارے بدلے میں عطا فرمادے جو تم سے بہتر ہوں۔ سچی مسلمان ، باایمان ، اطاعت گزار ، توبہ گزار ، عبادت گزار اور روزہ دار ، خواہ شوہر دیدہ ہوں یا باکرہ “۔

اشارتاً ان کو بتایا جاتا ہے کہ تمہیں تو ایسا ہونا چاہئے ، یعنی تمہیں ایسا مسلمان ہونا چاہئے کہ تم اطاعت شعار بنو اور دین کے احکام کو قائم کرو تمہارا ایمان ایسا ہو جو کاسہ دل کو ایمان ویقین سے لبالب کردے اور تم دل سے خدا اور رسول کی اطاعت کرو۔ اور توبہ کرو جس کے معنی یہ ہیں کہ جو ہوچکا اس سر نادم ہوجاﺅ اور آئندہ کے لئے اطاعت شعار ہوجاﺅ، بروقت عبادت میں مشغول رہو ، سیاحت اور سائحلت کا مطلب یہ ہے کہ ہر وقت اللہ کی بڑائی اور کبریائی میں غور کیا جائے۔ اور ان صفات کے ساتھ ساتھ وہ شوہر دیدہ بھی ہوں گی اور باکرہ بھی ہوں گی۔ جس طرح کہ موجودہ ازواج مطہرات میں دونوں قسم کی خواتین ہیں۔

یہ ان کے لئے ایک زبردست تادیبی سرزنش تھی کہ انہوں نے رسول اللہ ﷺ کے خلاف جتھ بندی کی۔ یاد رہے کہ رسول اللہ ﷺ معمولی باتوں پر غصہ نہ فرماتے تھے۔

ان آیات کے نزول سے حضور ﷺ کو تسلی ہوگئی۔ خود رب تعالیٰ نے آپ کو اور آپ کے اہل بیت کو خطاب فرمایا۔ اور اس زلزلہ کے بعد تو اہل بیت کے اندر بھی سخت پشیمانی ہوگئی اور اللہ کی ہدایت کے بعد سب کچھ درست ہوگیا اور یہ اس گھرانے کے لئے بہت بڑا اعزاز تھا کہ اللہ تعالیٰ خود اس کو مخاطب کرے ، کیونکہ یہ کوئی معمولی گھرانا تو تھا نہیں ، اس کی تو ہر بات بعد میں آنے والوں کے لئے منہاج حیات تھی۔ ضابطہ اخلاق اور قانون تھی۔

یہ اس ذات کے گھریلو حالات تھے جو ایک امت کی تربیت کررہا تھا۔ ایک مملکت کی بنیاد رکھ رہا تھا اور یہ ایسی مملکت تھی جسکی کوئی مثال گزری ہوئی تاریخ میں نہ تھی۔ اس جیسا نظام امم سابقہ میں نہ تھا۔ ایک ایسی امت تشکیل پارہی تھی۔ جو الٰہی نظریہ حیات کو آخری شکل میں پیش کررہی تھی۔ ایک ربانی معاشرہ وجود میں لایا جارہا تھا اور ایسا معاشرہ جو قیامت تک کے لئے اسوہ بن رہا تھا۔

پھر ان آیات میں ایک عظیم ، جلیل القدر ، بلند کردار اور کریم انسان کی تصویر ہے۔ ایک ہی وقت میں وہ اپنا انسانی کردار بھی ادا کررہا ہے اور نبوی کردار بھی ادا کررہا ہے۔ دونوں کے اندر کوئی بارڈر لائن متعین نہیں کرسکتا۔ کیونکہ اللہ تقدیر الٰہی کا فیصلہ یہ تھا کہ تمام رسول بشر ہوں گے۔ اور اس بشر رسول نے انسانیت کو آخری نظام زندگی عطا کرنا تھا ، جو قیامت تک کے لئے انسانیت کا منہاج قرار پانا تھا۔

یہ ایک کامل رسالت تھی ، جسے ایک کامل رسول لے کر آیا تھا۔ اور اس کا کمال یہ تھا کہ یہ رسالت انسان کو انسان بنارہی تھی۔ وہ انسانی قوتوں میں سے کسی قوت کو دبا نہیں رہی تھی۔ نہ انسان کی تعمیری قوتوں میں سے کسی قوت کو نظر انداز کررہی تھی۔ انسانی صلاحیتوں میں سے کسی صلاحیت کی بیخ کئی کرنا ، اس رسالت کا منشا تھا بلکہ یہ انسانی قوتوں کو زیادہ مہذب ، زیادہ تربیت یافتہ اور زیادہ بلند کرتی تھی۔ یہ تھی آخری رسالت۔

اسلام کو جن لوگوں نے سمجھا اور اپنے آپ کو اسلام کے سانچے میں ڈھالا ، اسلام نے ان کو اسی طرح چار چاند لگا دیئے کہ یہ لوگ اسلام کا صحیح ایڈیشن بن گئے۔ اور اسی طرح ان کے نبی کی سیرت اور اس کی عملی زندگی جس میں ، انسانی تجربات بھی تھے ، انسانی سعی بھی تھی ، انسانی نانوانیاں بھی تھیں ، انسانی قوتیں بھی تھیں۔ قرآنی دعوت اور ہدایات کے ساتھ مل کر ان لوگوں کو قدم بقدم آگے بڑھایا جس طرح آپ کے اہل خانہ اور ان لوگوں کی زندگیوں میں قیامت تک آنے والوں کے لئے نمونہ لیکن صرف ایسے لوگوں کے لئے ، جو اسے دیکھنا چاہیں ، اور جو عملی دنیا میں رہنے والے ہوں ، صرف اپنے خول اور اپنے خیالات کے محدود دائروں کے اندر بند نہ ہوں ، جنہوں نے اپنی آنکھیں بند نہ کی ہوں۔

اس آخری رسالت کو کامل اور مکمل شکل میں نازل کرکے قدرت الٰہیہ نے اسے ایک ایسے رسول کی زندگی میں عملی شکل دی ، جو اس رسالت کو آسمان سے اخذ کرتا تھا ، اور زندہ صورت میں اس کا ترجمہ کرتا تھا۔ یوں قدرت الٰہیہ نے اس رسول آخرالزمان کی زندگی کو ، ایک کتاب مفتوح بنایا کہ آپ کی زندگی سے آنے والی نسلیں بہترین نمونہ اور اسوہ اخذ کریں۔

آیت 5{ عَسٰی رَبُّہٗٓ اِنْ طَلَّقَکُنَّ اَنْ یُّبْدِلَہٗٓ اَزْوَاجًا خَیْرًا مِّنْکُنَّ } ”بعید نہیں کہ اگر وہ تم سب کو طلاق دے دیں تو ان کا رب انہیں تم سے کہیں بہتر بیویاں عطا کردے“ { مُسْلِمٰتٍ مُّؤْمِنٰتٍ قٰنِتٰتٍ تٰئِبٰتٍ عٰبِدٰتٍ سٰئِحٰتٍ ثَیِّبٰتٍ وَّاَبْکَارًا۔ } ”اطاعت شعار ‘ ایمان والیاں ‘ فرمانبردار ‘ توبہ کرنے والیاں ‘ عبادت گزار ‘ لذاتِ دنیوی سے بیگانہ ‘ شوہر دیدہ بھی اور کنواری بھی۔“ ان الفاظ میں ازواجِ مطہرات رض کی سیرت و کردار کی ایک جھلک بھی سامنے آتی ہے کہ تمہارے اندرجو یہ اوصاف ہیں کہ تم اطاعت شعار ہو ‘ ایمان والیاں ہو ‘ فرماں بردار ہو ‘ توبہ کرنے والیاں ہو ‘ زہد و قناعت کرنے والیاں ہو ‘ ان پر تمہیں ناز اں نہیں ہونا چاہیے۔ اللہ تعالیٰ ان اوصاف کی حامل تم سے بہتر خواتین اپنے نبی مکرم ﷺ کے لیے ازواج کے طور پر فراہم کرسکتا ہے۔ یہاں یہ نکتہ بھی لائق توجہ ہے کہ مذکورہ اوصاف کے درمیان ”و“ بطور حرف عطف نہیں آیا ‘ سوائے ایک ”و“ کے جو کہ آخر میں آیا ہے۔ یہ ایک غیرمعمولی اسلوب ہے اور اس کا مطلب یہ ہے کہ وہ خواتین ایسی شخصیات ہوں گی جن میں یہ تمام اوصاف بیک وقت موجود ہوں گے۔ سوائے آخری دواوصاف کے کہ وہ دونوں اوصاف ایک شخصیت میں بیک وقت اکٹھے نہیں ہوسکتے ‘ اس لیے ان کے درمیان میں ”و“ عطف آگئی ہے۔۔۔۔ ثَیِّبٰتٍسے مراد ایسی عورتیں ہیں جنہیں نکاح کے بعد طلاق ہوگئی ہو یا وہ بیوہ ہوگئی ہوں۔ یہاں ضمنی طور پر یہ بھی جان لیجیے کہ سوائے حضرت عائشہ رض کے باقی تمام ازواجِ مطہرات رض ثَـیِّباتہی کی حیثیت سے حضور ﷺ کے نکاح میں آئیں۔ ان ابتدائی پانچ آیات کا تعلق عائلی زندگی سے ہے۔ اس مضمون کا خلاصہ یہ ہے کہ میاں بیوی کے درمیان روز مرہ زندگی کے معاملات کو حد اعتدال میں رہنا چاہیے۔ ایک دوسرے کے حقوق کا خیال بھی رکھا جائے اور دوسرے کے حوالے سے اپنے فرائض کو بھی نظر انداز نہ کیا جائے ‘ لیکن اللہ تعالیٰ کے حقوق کو تمام معاملات پر فوقیت دی جائے۔ اگر میاں بیوی میں اختلافات پیدا ہوجائیں اور اصلاح کی کوئی صورت نہ رہے تو قواعد و ضوابط کو مدنظر رکھتے ہوئے شرافت کے ساتھ علیحدگی اختیار کرلی جائے۔ لیکن اگر گھر کے ماحول میں محبت و یگانگت کا رنگ غالب ہو تو بھی محتاط رہا جائے کہ کہیں بےجامحبت کی وجہ سے اللہ تعالیٰ کی قائم کردہ حدود نہ ٹوٹنے پائیں اور ایسا نہ ہو کہ بیوی بچوں کی محبت انسان کو غلط راستے پر لے جائے۔ اس کے بعد کی تین آیات کا تعلق خصوصی طور پر مردوں سے ہے اور یہ دراصل سورة الحدید ہی کے مضمون کا تسلسل ہے جو یہاں اس گروپ کی آخری سورت کے اختتام پر آگیا ہے۔

آیت 5 - سورہ تحریم: (عسى ربه إن طلقكن أن يبدله أزواجا خيرا منكن مسلمات مؤمنات قانتات تائبات عابدات سائحات ثيبات وأبكارا...) - اردو