سورۃ الشرح: آیت 4 - ورفعنا لك ذكرك... - اردو

آیت 4 کی تفسیر, سورۃ الشرح

وَرَفَعْنَا لَكَ ذِكْرَكَ

اردو ترجمہ

اور تمہاری خاطر تمہارے ذکر کا آوازہ بلند کر دیا

انگریزی ٹرانسلیٹریشن

WarafaAAna laka thikraka

آیت 4 کی تفسیر

ورفعنا ................ ذکرک ( 4:94) ” اور تمہاری خاطر تمہارے ذکر کا آواز بلند کردیا “۔ آپ کا ذکر عالم بالا میں بلند ہونے لگا ، پوری زمین میں آپ کی دعوت کا غلغلہ بلندہوگیا۔ اس پوری کائنات میں آپ کا نام بلند ہوگیا اور پھر کلمہ طیبہ میں آپ کا نام اللہ کے نام کے ساتھ جوڑ دیا گیا۔

لاالہ الا اللہ محمد رسول اللہ کہ جب بھی کوئی کلمہ پڑھے گا آپ کا نام بلند ہوگا ، اس کے بعد آخر اور کیا مقام و مرتبہ ہوسکتا ہے ؟ یہ تو آپ کا ایک منفرد مقام ہے اور تمام مخلوقات کے مقابلے میں آپ کے لئے مخصوص ہے۔

ہم نے آپ کا ذکر لوح محفوظ میں کردیا کہ زمانے گزر جائیں گے ، نسلیں جائیں گی اور آئیں گی اور کروڑوں ہونٹ آپ کے اسم گرامی کو ادا کرتے رہیں گے۔ صلوٰة وسلام بھیجتے رہیں گے۔ گہری محبت اور عظمت واحترام کا اظہار کرتے رہیں گے۔ آپ کا ذکر یوں بھی بلند ہوا کہ آپ کا نام اسلامی نظام زندگی اور شریعت محمدی کے ساتھ نتھی ہوگیا ۔ صرف آپ کا انتخاب ہی رفع ذکر کا باعث بنا۔ یہ وہ مقام تھا جو نہ کسی کو کبھی نصیب ہوا اور نہ ہوگا۔ لہٰذا اب مشقت کہاں ، تھکاوٹ کہاں ، یہ دین اس قدر عظیم دین ہے کہ اس کے ہوتے ہوئے ہر قسم کی مشقت اور تھکاوٹ کا احساس ہی جاتا رہتا ہے۔

لیکن اس کے باوجود اللہ اپنے محبوب مختار کے ساتھ مزید مہربانیاں فرماتا ہے ، آپ کی کلفتیں مزید دور فرماتا ہے ، آپ کو خوش اور مطمئن فرماتا ہے اور یہ اطلاع دیتا ہے کہ بہت بڑی آسانیاں اور فراخیاں آپ کے انتظار میں ہیں۔

آیت 4 - سورۃ الشرح: (ورفعنا لك ذكرك...) - اردو