سورہ نباء: آیت 8 - وخلقناكم أزواجا... - اردو

آیت 8 کی تفسیر, سورہ نباء

وَخَلَقْنَٰكُمْ أَزْوَٰجًا

اردو ترجمہ

اور تمہیں (مَردوں اور عورتوں کے) جوڑوں کی شکل میں پیدا کیا

انگریزی ٹرانسلیٹریشن

Wakhalaqnakum azwajan

آیت 8 کی تفسیر

وخلقنکم ازواجا (8:78) ” اور ہم نے تمہیں مرد اور عورت کے جوڑوں کی شکل میں پیدا کیا “۔ یہ بھی اس دنیا کی ایک نہایت کھلی حقیقت ہے ، جسے انسان نہایت ہی سادگی کے ساتھ پاتا ہے کہ انسانوں کو مرد اور عورت کی شکل میں پیدا کیا گیا ہے ۔ پھر ان کو جوڑا بنایا گیا اور ان کے ملاپ سے سلسلہ حیات کو جاری رکھا گیا۔ ہر انسان اس حقیقت اور اس نظارے کو دیکھتا ہے اور پھر وہ دیکھتا ہے اور محسوس کرتا ہے کہ اس نظام کے اندر کس قدر لطف ، مزہ ، خوشی اور آرام رکھا گیا ہے اور ان امور کو سمجھنے کے لئے کسی وسیع علم کی ضرورت نہیں ہے۔ اس لئے اللہ نے انسانوں کے سامنے یہ حقیقت رکھی ، ہر تہذیب و تمدن کا بیٹا بھی اسے سمجھتا ہے اور ہر بدوی اور پہاڑی بھی اس کو محسوس کرکے اس کو برتتا ہے اور اس کے مطابق زندگی کو منظم کرتا ہے۔

اس گہری حقیقت کے اس اجمالی شعور سے آگے کچھ مزید قابل غور باتیں بھی ہیں ، ان تک صرف ان لوگوں کو رسائی حاصل ہوتی ہے جو علم ومعرفت میں ذرا گہرائی تک چلے جاتے ہیں ، مثلاً انسانی جرثومے اور نطفے سے مذکر اور مونث بنا دینا حالانکہ اس جرثومے کے اندر مذکر ومونث کی کوئی شناخت نہیں ہوتی۔ یہ اللہ ہی ہے کہ جو کسی نطفے کو تذکیر کی طرف لے جاتا ہے اور کسی نطفے کو تانیت کی طرف لے جاتا ہے۔ یہ صرف دست قدرت کے کارنامے ہیں۔ اللہ کی تخلیق اور اللہ کی ہدایت جس نطفے میں جو خصائص چاہے ڈال دے تاکہ انسان ایک جوڑے کی شکل میں پیدا ہوں اور زندگی کی گاڑی آگے بڑھے۔

آیت 8 - سورہ نباء: (وخلقناكم أزواجا...) - اردو