سورہ نباء: آیت 4 - كلا سيعلمون... - اردو

آیت 4 کی تفسیر, سورہ نباء

كَلَّا سَيَعْلَمُونَ

اردو ترجمہ

ہرگز نہیں، عنقریب اِنہیں معلوم ہو جائیگا

انگریزی ٹرانسلیٹریشن

Kalla sayaAAlamoona

آیت 4 کی تفسیر

کلا سیعلمون .................... سیعلمون (5:78) ” ہرگز نہیں ! عنقریب انہیں معلوم ہوجائے گا ، ہاں ، ہرگز نہیں ، عنقریب انہیں معلوم ہوجائے گا “۔ لفظ کلازجر آمیز اور سخت توبیخ کے ساتھ انکار کرنے کے معنی میں آتا ہے۔ یہاں جس قسم کی فضا پیدا کرنا مطلوب ہے ، اس کے لئے یہ لفظ نہایت موزوں ہے۔ لفظ کلا کے تکرار اور لفظ سیعلمون دونوں کے تکرار میں سخت تہدید اور ڈراوا ہے۔

اب بظاہر نظر آتا ہے کہ روئے سخن اس عظیم خبر سے پھر کر کسی دوسرے موضوع کی طرف منقل ہوگیا ہے تاکہ تھوڑے وقفے کے بعد اسے براہ راست لیا جائے ، روئے سخن دراصل ہمارے پیش پا افتادہ کائنات کے اندر موجود بعض حقائق ، مظاہر ، مناظر اور شواہد کی طرف پھرجاتا ہے۔ جن کو اگر چشم بینا سے دیکھا جائے اور ان پر غور کیا جائے تو وہ انسانی فکرونظر میں ایک بھونچال پیدا کردیتے ہیں اور فکر انگیز ہیں۔

آیت 4{ کَلَّا سَیَعْلَمُوْنَ۔ } ”نہیں ! عنقریب یہ جان لیں گے۔“ عنقریب اصل حقیقت ان لوگوں پر منکشف ہوجائے گی۔ وقت آنے پر یہ لوگ اپنی آنکھوں سے سب کچھ دیکھ لیں گے۔ سورة قٓ میں اس کیفیت کا ذکر اس طرح ہوا ہے : { لَقَدْ کُنْتَ فِیْ غَفْلَۃٍ مِّنْ ہٰذَا فَـکَشَفْنَا عَنْکَ غِطَآئَ کَ فَبَصَرُکَ الْیَوْمَ حَدِیْدٌ۔ } ”اللہ فرمائے گا : اے انسان ! تو اس دن سے غفلت میں رہاتھانا ! تو آج ہم نے تجھ سے تیرا پردہ ہٹا دیا ہے ‘ تو آج تمہاری نگاہ کتنی تیز ہوگئی ہے۔“

آیت 4 - سورہ نباء: (كلا سيعلمون...) - اردو