سورہ القدر: آیت 2 - وما أدراك ما ليلة القدر... - اردو

آیت 2 کی تفسیر, سورہ القدر

وَمَآ أَدْرَىٰكَ مَا لَيْلَةُ ٱلْقَدْرِ

اردو ترجمہ

اور تم کیا جانو کہ شب قدر کیا ہے؟

انگریزی ٹرانسلیٹریشن

Wama adraka ma laylatu alqadri

آیت 2 کی تفسیر

وما ادرک .................... القدر (2:97) ” اور تم کیا جانو لیلتہ القدر کیا ہے “۔ یہ اس قدر عظیم ہے کہ انسانی فہم وادراک کی حدود سے ماوراء ہے۔ بس یہی ہے اس کا مفہوم اور اس سلسلے میں عامتہ الناس میں جو اوہام و خرافات مشہور ہیں۔ ان کے تذکرے کی یہاں کوئی ضرورت نہیں ہے۔ بس یہ ایک نہایت ہی عظیم رات ہے ، اور اس عظمت اس وجہ سے ہے کہ اس کو اللہ نے ایک عظیم کام کے لئے منتخب کیا ہے یعنی نزول قرآن کریم کے لئے اور اس لئے کہ اللہ نے اس رات کو اپنے نور سے پوری کائنات کو بھردیا۔ اور اس رات کو اللہ نے انسانیت کو وہ چیز عطا کی تھی جس کی اسے بےحد ضرورت تھی۔ انسانی روح اور انسانی زندگی کو اس رات یہ عطیہ ملا یعنی عمومی امن وسلامتی اور امن وسلامتی کا پیغام یعنی قرآن دیا۔ جس میں صحیح عقائد و تصورات وضاحت سے بیان ہوئے۔ جس میں ایسے آداب زندگی ثبت ہوئے جن کی وجہ سے انسانی ضمیر اور انسانی ماحول یعنی پوری زمین کو سلامتی ملی۔ اور حضرت روح الامین اس رات کو پیغام لے کر فرشتوں کے جلو میں آئے۔ یہ ایک جشن کا سماں تھا ، انسانیت کو تو بہار مل رہی تھی۔ اس جشن کو قرآن نے نہایت ہی عجیب انداز میں یہاں بیان کیا ہے۔

آیت 2 - سورہ القدر: (وما أدراك ما ليلة القدر...) - اردو