سورۃ المعارج: آیت 23 - الذين هم على صلاتهم دائمون... - اردو

آیت 23 کی تفسیر, سورۃ المعارج

ٱلَّذِينَ هُمْ عَلَىٰ صَلَاتِهِمْ دَآئِمُونَ

اردو ترجمہ

جو اپنی نماز کی ہمیشہ پابندی کرتے ہیں

انگریزی ٹرانسلیٹریشن

Allatheena hum AAala salatihim daimoona

آیت 23 کی تفسیر

الذین ھم ................ دآئمون (07 : 32) ” جو اپنی نماز کی پابندی کرتے ہیں “۔ نماز کے ساتھ تسلسل اور دوام ایک لازمی صفت ہے۔ گنڈے دار قسم کی نماز ، سستی سے پڑھی جانے والی نماز مکمل نماز نہیں ہے۔ نماز کے بارے میں سستی روی اور غفلت معیوب ہے۔ نماز چونکہ بندے اور رب کے درمیان رابطہ ہے اس لئے اس میں دوام لابدی ہے۔ رسول اللہ ﷺ جب کوئی عبادت کرتے تو آپ اس پر دوام اختیار فرماتے۔ حدیث شریف میں ہے ” اللہ کے نزدیک اعمال میں سے محبوب ترین عمل وہ ہے جو ہمیشہ کیا جائے۔ اگرچہ وہ قلیل ہو ، لہٰذا اللہ کے ساتھ تعلق کا یہ مقدس رابطہ دائمی ہونا چاہئے۔ اسے مزاح نہ ہونا چاہئے کہ کبھی ہو اور کبھی نہ ہو۔ جس طرح جی نے چاہا کرلیا۔

آیت 23{ الَّذِیْنَ ہُمْ عَلٰی صَلَاتِہِمْ دَآئِمُوْنَ۔ } ”جو اپنی نمازوں پر مداومت کرتے ہیں۔“ یعنی وہ لوگ جو اپنے روز مرہ معمولات میں نماز کو اوّلین ترجیح دیتے ہیں اور کبھی اس میں کوتاہی نہیں کرتے۔ چناچہ ایسے ”نمازی“ اس وصف کے مصداق نہیں بن سکتے جو ”فارغ وقت“ میں تو نماز ادا کرلیتے ہیں لیکن جب کوئی اور مصروفیت ہو تو انہیں نماز کا خیال تک نہیں آتا ‘ اور نہ ہی انہیں نماز کے ضائع ہوجانے کا دکھ ہوتا ہے۔ اس آیت کے مشابہ سورة المومنون میں یہ آیت ہے : { الَّذِیْنَ ہُمْ فِیْْ صَلَاتِہِمْ خٰشِعُوْنَ۔ } ”وہ جو اپنی نمازوں میں خشوع اختیار کرنے والے ہیں۔“

آیت 23 - سورۃ المعارج: (الذين هم على صلاتهم دائمون...) - اردو