سورہ انشقاق: آیت 20 - فما لهم لا يؤمنون... - اردو

آیت 20 کی تفسیر, سورہ انشقاق

فَمَا لَهُمْ لَا يُؤْمِنُونَ

اردو ترجمہ

پھر اِن لوگوں کو کیا ہو گیا ہے کہ یہ ایمان نہیں لاتے

انگریزی ٹرانسلیٹریشن

Fama lahum la yuminoona

آیت 20 کی تفسیر

ہاں اس بات کے لئے ان کے پاس کوئی وجہ جواز نہیں ہے ، اس کائنات کے مناظر میں ، اور خود انسانوں کے نفوس میں اس قدر شواہد اور آثار ہیں کہ قلب انسانی جدھر بھی متوجہ ہو ، وہ اسے دعوت نظارہ دیتے ہیں جہاں بھی زندہ فکرہو ، یہ شواہد بڑھ چڑھ کر سامنے آتے ہیں۔ یہ آثار و شواہد اس قدر کثرت سے ہیں ، اس قدر قوی ہیں اور اس قدر گہرے ہیں کہ اگر کسی بشر کا دل ان کی طرف ذرا بھی ملتفت ہو ، متوجہ ہو تو وہ اسے گھیر لیتے ہیں۔ اگر وہ ان کی طرف کان دھرے ، متوجہ ہو اور ان کی بات سنے تو یہ شواہد ہر جگہ اس کے ساتھ سرگوشیاں کرتے ہیں اور بآواز بلند بھی بات کرتے ہیں۔

فمالھم .................... یسجدون (21:84) السجدة ” پھر ان کو کیا ہوگیا ہے کہ وہ ایمان نہیں لاتے اور جب قرآن ان کے سامنے پڑھا جائے تو سجدہ نہیں کرتے “۔ قرآن ان کے ساتھ فطری زبان میں بات کرتا ہے ، اور انفس وآفاق میں جو دلائل فطرت اور اشارات ایمان پائے جاتے ہیں ان کے لئے ان کے دلوں کو کھولتا اور دلوں میں تقویٰ ، اطاعت اور خضوع وخشوع کے جذبات ابھارتا ہے اور یہی انسانی قلوب کے لئے سجدہ ہے۔

حقیقت یہ ہے کہ یہ کائنات بہت ہی خوبصورت ہے ، اس کے اندر ہر طرف اشارات قدرت ہیں ، اس کے اندر ایسی تجلیات اور ایسے انوار اور ایسے مناظر موجود ہیں جو قلب انسانی کو خضوع وخشوع کے جذبات سے بھردیتے ہیں۔

پھر یہ قرآن بھی خوبصورت اور اشاراتی ہے اور اس کے اندر بھی ایسے اشارات ، ایسے مناظر اور شواہد ہیں جو قلب ، بشری کا تعارف اس کائنات اور رب کائنات سے کراتے ہیں۔ اور انسان کے دل و دماغ میں اس عظیم کائنات کے عظیم حقائق ڈال کر اسے اس کائنات کے بزرگ و برتر خالق کی طرف متوجہ کرتے ہیں۔ کیا ہی شان ہے۔

فمالھم .................... یسجدون (21:84) السجدة ” پھر ان کو کیا ہوگیا ہے کہ وہ ایمان نہیں لاتے اور جب قرآن ان کے سامنے پڑھا جائے تو سجدہ نہیں کرتے “۔

یہ حقیقت ہے کہ یہ ایک عجیب طرز عمل ہے۔ اور اس طرز عمل کے ذریعہ اب بات کا رخ اس عجیب مخلوق کی طرف مڑجاتا ہے ، یعنی کفار کی طرف اور بتایا جاتا رہے کہ کیا ہی برا انجام ان کے انتظار میں ہے۔

آیت 20 - سورہ انشقاق: (فما لهم لا يؤمنون...) - اردو