سورۃ الفجر: آیت 11 - الذين طغوا في البلاد... - اردو

آیت 11 کی تفسیر, سورۃ الفجر

ٱلَّذِينَ طَغَوْا۟ فِى ٱلْبِلَٰدِ

اردو ترجمہ

یہ وہ لوگ تھے جنہوں نے دنیا کے ملکوں میں بڑی سرکشی کی تھی

انگریزی ٹرانسلیٹریشن

Allatheena taghaw fee albiladi

آیت 11 کی تفسیر

الذین ............................................ الفساد (12:89) ” یہ وہ لوگ تھے جنہوں نے دنیا کے ملکوں میں بڑی سرکشی کی تھی اور ان میں فساد پھیلایا تھا “۔ سرکشی کے بعد فساد ہی ہوتا ہے کیونکہ سرکشی ، سرکش شخص کو خراب کردیتی ہے۔ اسی طرح جو لوگ سرکشی اور ظلم کا شکار ہوتے ہیں وہ بھی فساد میں مبتلا ہوجاتے ہیں۔ ان کے اندر اخلاقی بگاڑ پیدا ہوجاتا ہے۔ اس کے بعد اجتماعی زندگی کا ہر پہلو فساد کی زد میں آجاتا ہے اور زندگی اپنی صحت مند تعمیری اور پاکیزہ راستے سے ہٹ جاتی ہے اور ایسے راستوں پر پڑجاتی ہے جو انسان کی خلیفہ اللہ فی الارض ہونے کی ذمہ داری کے خلاف ہوتی ہے۔

طغیانی اور سرکشی کی وجہ سے عوام الناس غلام اور ذلیل ہوجاتے ہیں ، ان کے اندر ایک خفیہ بغض اور حسد پیدا ہوجاتا ہے۔ وہ غصہ اور حسد کو ہر وقت سینوں میں دبائے رکھتے ہیں۔ اس طرح کے لوگوں کی شخصیت سے عزت نفس اور اعلیٰ انسانی شعور مٹ جاتا ہے ، اور ان میں سے تخلیقی صلاحیت ختم ہوجاتی ہے۔ یہ بات نوٹ کرنے کے قابل ہے کہ تخلیقی عمل کے لئے آزادفضا کا ہونا ضروری ہے۔ اور جس سوسائٹی کو کوئی ڈکٹیٹر ذلیل کرکے رکھتا ہے وہ متعفن ہوجاتی ہے۔ اور ایک سڑی ہوئی سوسائٹی ہوتی ہے۔ اس میں لوگ اس طرح گری ہوئی زندگی بسر کرتے ہیں جس طرح کیڑے مکوڑے ۔ زیادہ سے زیادہ وہ گری ہوئی عادتوں اور عیاشیوں کے رسیا ہوجاتے ہیں۔ ان کی قوائے عقل وخرد ماند پڑجاتی ہیں اور زندگی کے ہر شعبے میں ایسے لوگوں کے اندرجرائم پیدا ہوجاتے ہیں۔ ان کو قوائے عقل وخردماند پڑجاتی ہیں اور زندگی کے ہر شعبے میں ایسے لوگوں کے اندر جرائم پیدا ہوجاتے ہیں۔ ایسے لوگوں کے اندرخودداری ہمت ، بلندعزائم ، بلند نگاہی جیسی اعلیٰ صفات ختم ہوجاتی ہیں اور یہ ہے بہت عظیم بگاڑ۔

ڈکٹیٹر اور جبار ہمیشہ اعلیٰ قدروں اور سیدھی سوچ کو جڑ سے اکھاڑ پھینک دیتے ہیں۔ اس لئے اعلیٰ اقدار اور سیدھی سوچ کے نتیجے میں ان کے باطل اقتدار کو خطرہ ہوتا ہے۔ اس لئے جبار ہمیشہ لوگوں کے لئے کھوٹی قدریں وضع کرتے اور معاشروں میں فاسد پیمانے رائج کرتے ہیں اور غلط افکار و تصورات کو رائج کرکے خوشنما بناتے ہیں تاکہ لوگ ان کے عدوان اور قہاری وجباری کو قبول کریں۔ اور اسے ایک پاپولر اور مقبول اور مروج نظریہ سمجھیں۔ اور یہ ہے وہ بڑا فساد جس سے اور کوئی بڑا فساد نہیں ہے۔ اور جب یہ لوگ زمین کے اندر ہمہ جہت فساد پھیلادیتے ہیں ، اس لئے زمین کی تطہیر ضروری ہوجاتی ہے۔

آیت 11 - سورۃ الفجر: (الذين طغوا في البلاد...) - اردو