سورۃ البلاد: آیت 5 - أيحسب أن لن يقدر عليه... - اردو

آیت 5 کی تفسیر, سورۃ البلاد

أَيَحْسَبُ أَن لَّن يَقْدِرَ عَلَيْهِ أَحَدٌ

اردو ترجمہ

کیا اُس نے یہ سمجھ رکھا ہے کہ اُس پر کوئی قابو نہ پا سکے گا؟

انگریزی ٹرانسلیٹریشن

Ayahsabu an lan yaqdira AAalayhi ahadun

آیت 5 کی تفسیر

ایحسب ان ................................ احد

یہ انسان مشقت میں پیدا کیا گیا اور جو اپنی اس دنیا کی پوری زندگی میں اس مشقت سے چھوٹ نہیں سکتا ، یہ اپنی حقیقت کو بھول جاتا ہے اور اس کا پیدا کرنے والا اسے جو قوت ، طاقت اور وجدان اور سازو سامان دیتا ہے ، تو وہ ان قوتوں میں ایسے تصرفات کرتا ہے جیسا کہ وہ کسی کے سامنے جوابدہ نہیں ہے اور اسے اس جوابدہی کی توقع نہیں ہے اور یہ خوف نہیں ہے کہ ایک بڑی قوت اور قدروالاا سے پکڑ سکتا ہے اور حساب لے سکتا ہے۔ اس لئے یہ انسان دیتا ہے ، پکڑتا ہے ، چھینتا ہے ، لوٹتا ہے ، جمع کرتا ہے ، اضافہ کرتا ہے ، فسق وفجور کرتا ہے ، نہایت بےخوفی اور نہایت بےباکی کے ساتھ ، یہ خدوخال اس انسان کے ہیں جس کا دل ایمان سے خالی ہو۔

پھر جب ایسے مواقع پر جیسے اس سورت میں مذکور ہیں ، اسے راہ خیر میں خرچ کرنے کی دعوت دی جائے تو پھر وہ کہتا ہے۔

الھکت ملا لبدا (6:90) ” میں نے ڈھیروں مال اڑادیا “۔ اور میرے لئے بس یہ کافی ہے کہ میں نے اس قدر مال اڑادیا۔

ایحسب ................ احد (7:90) ” کیا وہ سمجھتا ہے کہ کسی نے اس کو نہیں دیکھا “۔ یہ بھول جاتا ہے کہ اللہ تو دیکھ رہا ہے ، اللہ کا علم تو دلوں کی باتوں کو بھی گھیرے ہوئے ہے ، اللہ تو وہ سب کچھ کو دیکھ رہا ہے جو اس نے خرچ کیا اور اسے معلوم ہے کہ اس نے کس لئے خرچ کیا۔ لیکن یہ انسان اس حقیقت کو بھی بھول جاتا ہے اور یہ سمجھتا ہے کہ شاید وہ اللہ کی نظروں سے اوجھل ہے۔

انسان کے اس غرور اور اس زعم کے مقابلے میں کہ وہ طاقتور ہے اور زور آور ہے اور اس کی کنجوسی اور پھر بھی دعوائے اتفاق کثیر کے مقابلے میں ، قرآن خود اس کے نفس کا آئینہ اس کے سامنے رکھ کر اسے بتلاتا ہے کہ ذرا غور تو کرو کہ اللہ نے خود تمہارے نفس کے اندر اور تمہاری ساخت کے اندر تم پر کس قدر مہربانیاں کی ہیں اور کس قدر صلاحیتیں دی ہیں لیکن اے انسان تم نے تو ایک نعمت وصلاحیت کا شکر بھی ادا نہیں کیا۔

آیت 5{ اَیَحْسَبُ اَنْ لَّـنْ یَّـقْدِرَ عَلَیْہِ اَحَدٌ۔ } ”کیا یہ سمجھتا ہے کہ اس کے اوپر کوئی قابو نہیں پاسکے گا ؟“ مشقت میں پڑے ہوئے انسان کا حال دیکھو۔ اس حالت میں بھی وہ غرور کرتا ہے۔ ابوجہل کو دیکھو کیسے اکڑا ہوا ہے۔۔۔ مقامِ غور ہے ! چاروں طرف سے مصائب و مشکلات میں گھرے ہوئے انسان کا اپنے خالق اور مالک کے سامنے یہ حال ہے تو اگر اس کے لیے دنیا میں آسانیاں ہی آسانیاں ہوتیں تو پھر یہ اللہ تعالیٰ سے کیسی کیسی بغاوتیں کرتا اور مخلوقِ خدا پر کیا کیا ستم ڈھاتا !

آیت 5 - سورۃ البلاد: (أيحسب أن لن يقدر عليه أحد...) - اردو