سورہ عبسہ: آیت 23 - كلا لما يقض ما أمره... - اردو

آیت 23 کی تفسیر, سورہ عبسہ

كَلَّا لَمَّا يَقْضِ مَآ أَمَرَهُۥ

اردو ترجمہ

ہرگز نہیں، اِس نے وہ فرض ادا نہیں کیا جس کا اللہ نے اِسے حکم دیا تھا

انگریزی ٹرانسلیٹریشن

Kalla lamma yaqdi ma amarahu

آیت 23 کی تفسیر

کلا ............ ما امرہ (23:80) ” ہرگز نہیں ، اس نے وہ فرض ادا نہیں کیا جس کا اللہ نے اسے حکم دیا تھا “۔ بات مطلق انسان کی ہورہی ہے ، تمام افراد انسان کی بہر دور کے انسان اللہ کے احکام بجا لانے میں کوتاہی کرتے ہیں ، اپنی پوری زندگی میں ان کی روش یہی ہوتی ہے۔ ” لما “ سے اس مفہوم کی طرف اشارہ ہوتا ہے۔ ہرگز نہیں ، انسان ہر صورت میں قصور وار ہے ، یہ اپنے فرائض ادا نہیں کرتا ، وہ اپنی اصلیت اور حقیقت کو بھی پیش نظر نہیں رکھتا ، حالانکہ یہ بات ہر وقت اس کے پیش نظر ہونی چاہیے۔ نیز وہ اپنے خالق ، اپنے ہادی اور اپنے کفیل کا حق شکر بھی ادا نہیں کرتا۔ اور اس زندگی کا مختصر سا سفر اس طرح نہیں طے کرتا کہ اس کے اقدامات آخرت کو پیش نظر رکھ کر ہوں۔ مجموعی طور پر انسان کی حالت ایسی ہی ہے کہ اکثریت نافرمان ، ناشکری ، ہدایت سے بےنیاز اور متکبر ہے۔

اب جدید پیراگراف آتا ہے۔ سابقہ پیراگراف میں انسان کی پیدائش کی بات رکھی گئی تھی ، اب کہا جاتا ہے کہ یہ انسان ذرا اپنی اور اپنے مویشیوں کی خوراک پر تو غور کرے۔ اس دنیا کی زندگی اور سفر میں اللہ نے انسان اور اس کے مویشیوں کے لئے کیا انتظام فرمایا۔ انسان کے غور کے لئے یہ ایک ہی چیزکافی ہے جو اللہ نے اس کے لئے فراہم کی ہے۔

آیت 23 - سورہ عبسہ: (كلا لما يقض ما أمره...) - اردو