سورۃ البقرہ (2): آن لائن پڑھیں اور ڈاؤن لوڈ کریں۔ - اردو ترجمہ

اس صفحہ میں سورہ Al-Baqara کی تمام آیات کے علاوہ فی ظلال القرآن (سید ابراہیم قطب) کی تمام آیات کی تفسیر بھی شامل ہے۔ پہلے حصے میں آپ سورہ البقرة کو صفحات میں ترتیب سے پڑھ سکتے ہیں جیسا کہ یہ قرآن میں موجود ہے۔ کسی آیت کی تفسیر پڑھنے کے لیے اس کے نمبر پر کلک کریں۔

سورۃ البقرہ کے بارے میں معلومات

Surah Al-Baqara
سُورَةُ البَقَرَةِ
صفحہ 32 (آیات 203 سے 210 تک)

۞ وَٱذْكُرُوا۟ ٱللَّهَ فِىٓ أَيَّامٍ مَّعْدُودَٰتٍ ۚ فَمَن تَعَجَّلَ فِى يَوْمَيْنِ فَلَآ إِثْمَ عَلَيْهِ وَمَن تَأَخَّرَ فَلَآ إِثْمَ عَلَيْهِ ۚ لِمَنِ ٱتَّقَىٰ ۗ وَٱتَّقُوا۟ ٱللَّهَ وَٱعْلَمُوٓا۟ أَنَّكُمْ إِلَيْهِ تُحْشَرُونَ وَمِنَ ٱلنَّاسِ مَن يُعْجِبُكَ قَوْلُهُۥ فِى ٱلْحَيَوٰةِ ٱلدُّنْيَا وَيُشْهِدُ ٱللَّهَ عَلَىٰ مَا فِى قَلْبِهِۦ وَهُوَ أَلَدُّ ٱلْخِصَامِ وَإِذَا تَوَلَّىٰ سَعَىٰ فِى ٱلْأَرْضِ لِيُفْسِدَ فِيهَا وَيُهْلِكَ ٱلْحَرْثَ وَٱلنَّسْلَ ۗ وَٱللَّهُ لَا يُحِبُّ ٱلْفَسَادَ وَإِذَا قِيلَ لَهُ ٱتَّقِ ٱللَّهَ أَخَذَتْهُ ٱلْعِزَّةُ بِٱلْإِثْمِ ۚ فَحَسْبُهُۥ جَهَنَّمُ ۚ وَلَبِئْسَ ٱلْمِهَادُ وَمِنَ ٱلنَّاسِ مَن يَشْرِى نَفْسَهُ ٱبْتِغَآءَ مَرْضَاتِ ٱللَّهِ ۗ وَٱللَّهُ رَءُوفٌۢ بِٱلْعِبَادِ يَٰٓأَيُّهَا ٱلَّذِينَ ءَامَنُوا۟ ٱدْخُلُوا۟ فِى ٱلسِّلْمِ كَآفَّةً وَلَا تَتَّبِعُوا۟ خُطُوَٰتِ ٱلشَّيْطَٰنِ ۚ إِنَّهُۥ لَكُمْ عَدُوٌّ مُّبِينٌ فَإِن زَلَلْتُم مِّنۢ بَعْدِ مَا جَآءَتْكُمُ ٱلْبَيِّنَٰتُ فَٱعْلَمُوٓا۟ أَنَّ ٱللَّهَ عَزِيزٌ حَكِيمٌ هَلْ يَنظُرُونَ إِلَّآ أَن يَأْتِيَهُمُ ٱللَّهُ فِى ظُلَلٍ مِّنَ ٱلْغَمَامِ وَٱلْمَلَٰٓئِكَةُ وَقُضِىَ ٱلْأَمْرُ ۚ وَإِلَى ٱللَّهِ تُرْجَعُ ٱلْأُمُورُ
32

سورۃ البقرہ کو سنیں (عربی اور اردو ترجمہ)

سورۃ البقرہ کی تفسیر (فی ظلال القرآن: سید ابراہیم قطب)

اردو ترجمہ

یہ گنتی کے چند روز ہیں، جو تمہیں اللہ کی یاد میں بسر کرنے چاہییں پھر جو کوئی جلدی کر کے دو ہی دن میں واپس ہو گیا تو کوئی حرج نہیں، اور جو کچھ دیر زیادہ ٹھیر کر پلٹا تو بھی کوئی حرج نہیں بشر طیکہ یہ دن اس نے تقویٰ کے ساتھ بسر کیے ہو اللہ کی نافرمانی سے بچو اور خوب جان رکھو کہ ایک روز اس کے حضور میں تمہاری پیشی ہونے والی ہے

انگریزی ٹرانسلیٹریشن

Waothkuroo Allaha fee ayyamin maAAdoodatin faman taAAajjala fee yawmayni fala ithma AAalayhi waman taakhkhara fala ithma AAalayhi limani ittaqa waittaqoo Allaha waiAAlamoo annakum ilayhi tuhsharoona

وَاذْكُرُوا اللَّهَ فِي أَيَّامٍ مَعْدُودَاتٍ فَمَنْ تَعَجَّلَ فِي يَوْمَيْنِ فَلا إِثْمَ عَلَيْهِ وَمَنْ تَأَخَّرَ فَلا إِثْمَ عَلَيْهِ لِمَنِ اتَّقَى وَاتَّقُوا اللَّهَ وَاعْلَمُوا أَنَّكُمْ إِلَيْهِ تُحْشَرُونَ ” یہ گنتی کے چند روز ہیں جو تمہیں اللہ کی یاد میں بسر کرنے چاہئیں ۔ پھر جو کوئی جلدی کرے دوہی دن میں واپس ہوگیا تو کوئی حرج نہیں ، اور جو کچھ دیر زیادہ ٹھہر کر پلٹا تو بھی کوئی حرج نہیں ۔ بشرطیکہ یہ دن اس نے تقویٰ کے ساتھ بسر کئے ہوں۔ اللہ کی نافرمانی سے بچو اور خوب جان رکھو کہ ایک روز اس کے حضور میں تمہاری پیشی ہونے والی ہے ۔ “

راجح بات یہ ہے کہ ایام ذکر یوم عرفہ ، یوم نحر اور پھر ایام تشریق ہیں ۔ ابن عباس ؓ عنہمافرماتے ہیں کہ ایام معدودات سے مراد ایام تشریق ہیں ۔ عکرمہ (رح) کہتے ہیں کہ معدود دنوں میں ذکر سے مراد تکبیریں ہیں جو ایام تشریق میں ہر فرض نماز کے بعد پڑھی جاتی ہیں ۔ اللہ اکبر ، اللہ اکبر ۔ پہلے ہم عبدالرحمن بن معمر دیلمی کی حدیث نقل کر آئے ہیں کہ ” منیٰ کے دن تین ہیں ۔ اب اگر کوئی دوہی دنوں میں شتاب واپس ہوگیا تو بھی کوئی حرج نہیں ہے اور اگر کوئی تاخیر کرکے پورے وقت کے بعد آئے تو بھی کوئی حرج نہیں ۔ غرض عرفہ ، حج اور ایام تشریق سب میں مناسب ہے کہ اللہ کا ذکر زیادہ سے زیادہ ہو ، چاہے ان میں پہلے دونوں کو منتخب کیا جائے یا دوسرے دو دنوں کو ، لیکن ہر معاملے میں اللہ خوفی اور پرہیز گاری پیش نظر رہے۔” بشرطیکہ یہ دن تقویٰ کے ساتھ بسر کئے۔ “ لِمَنِ اتَّقَى۔

حج کی گہماگہمی کی مناسبت سے ، اب یہاں یوم حشر کا ذکر کیا گیا جہاں تمام مخلوق حساب و کتاب کے لئے جمع ہوگی ۔ وہاں ایک خوفناک منظر ہوگا لہٰذا اس مقام کی تیاری کرو اور پرہیزگاری کا راستہ اختیار کرو وَاتَّقُوا اللَّهَ وَاعْلَمُوا أَنَّكُمْ إِلَيْهِ تُحْشَرُونَ ” اللہ کی نافرمانی سے بچو اور خوب جان رکھو کہ ایک روز اس کے حضور میں تمہاری پیشی ہونے والی ہے۔ “

ان آیات کے مطالعے معلوم ہوتا ہے کہ اسلام نے عربوں کے مروجہ حج کو کس طرح ایک اسلامی فریضہ قرار دیا۔ اس کا ربط جاہلیت کے پس منظر سے ٹوٹ گیا ۔ اب وہ اسلامی زندگی کا ایک جزو بن گیا ۔ اسے بداخلاقیوں اور گندگیوں سے پاک کردیا ۔ اسلام نے زندگی کے تمام معاملات میں یہی طریقہ اختیار کیا ہے ، جس رسم ، جس عبادت کو بھی باقی رکھا ہے اسے جاہلیت کے شوائب سے پاک کرکے رکھا ہے ۔ اس کی وہ شکل بدل گئی ہے جو ایام جاہلیت میں ہوا کرتی تھی ۔ یوں نظر آتا ہے جیسا کہ جدید لباس میں ایک موزوں ٹکڑا۔ اب حج معروف معنوں میں اہل عرب کا ایک عادی اور رسمی فعل نہ رہا بلکہ اب وہ ایک اسلامی عبادت قرار دے دی گئی ہے کیونکہ اب اسلام ہی معیار ہے۔ اسلام کو ہی یہ حق حاصل ہے کہ اگر وہ چاہے تو کسی مفید رسم کو باقی رکھے۔

اردو ترجمہ

انسانوں میں کوئی تو ایسا ہے، جس کی باتیں دنیا کی زندگی میں تمہیں بہت بھلی معلوم ہوتی ہیں، اور اپنی نیک نیتی پر وہ بار بار خد ا کو گواہ ٹھیرا تا ہے، مگر حقیقت میں وہ بد ترین دشمن حق ہوتا ہے

انگریزی ٹرانسلیٹریشن

Wamina alnnasi man yuAAjibuka qawluhu fee alhayati alddunya wayushhidu Allaha AAala ma fee qalbihi wahuwa aladdu alkhisami

درس 13 ایک نظر میں

قرآن مجید میں اللہ تعالیٰ نے مختلف قسم کی ہدایات دیں۔ مختلف موضوعات پر قانون وضع کئے گئے ہیں ۔ ان ہدایات اور قوانین کو مجموعی طور پر دیکھا جائے تو ان سے ایک خدائی نظام زندگی وجود میں آتا ہے جو انسان کی پوری زندگی پر حاوی ہے ۔ اس راہنمائی اور اس قانون سازی کے درمیان اللہ تعالیٰ نے انسان کو ایک نظام تربیت بھی عطا کردیا ہے ۔ یہ ایک بہترین نظام اصلاح ہے ۔ اس لئے کہ اللہ نفس انسانی کی حقیقت کے بارے میں اس کی ظاہری اور خفیہ رسم وراہوں کے بارے میں سب سے زیادہ علم رکھتا ہے اللہ تعالیٰ نفس انسانی کے ہر پہلو کو لیتا ہے ۔ اور مختلف انسانوں کی ایسی تصویر بناتا ہے ، جس کے خدوخال واضح ہوتے ہیں ۔ جس میں تمام مطلوبہ خصائص واضح طور پر نظر آتے ہیں ۔ جب انسان الفاظ کی اس تصویر کو آئینہ دماغ میں رکھ کر ، انسانوں کی بھیڑ میں ان اوصاف کے حاملین کی تلاش میں نکلتا ہے ، تو یوں لگتا ہے کہ گویا وہ لوگ گلیوں اور بازاروں میں چلتے پھرتے ہیں ۔ زمین پر دوڑتے پھرتے ہیں اور ایک انسان انگلی رکھ کر بتاسکتا ہے کہ یہ ہیں وہ لوگ جن کا تذکرہ قرآن نے کیا ہے ۔

اس سبق میں انسانوں کی دواقسام کے واضح خدوخال بیان کئے گئے ہیں ۔ یہ اقسام عام طور پر انسانوں میں پائی جاتی ہیں ۔ پہلی قسم نمائشی ، شریر اور زبان دراز لوگوں کی ہے ۔ ایسا شخص اپنی ذات کو پوری زندگی کا محور بنالیتا ہے ۔ ایسا شخص بظاہر بہت ہی بھلامعلوم ہوتا ہے ، لیکن جب اندرون کھلتا ہے تو گندگی ہی گندگی ہوتی ہے ۔ اسے جب اصلاح احوال اور اللہ خوفی کی طرف دعوت دی جائے تو حق کی طرف نہیں آتا ۔ اپنی اصلاح نہیں کرتا ، اپنے وقار کا خیال اسے گناہ پر جما دیتا ہے ۔ اپنے غرور کی وجہ سے وہ سچائی اور بھلائی سے منہ پھیرلیتا ہے وہ کھیتوں کو غارت کرتا ہے اور نسل انسانی کو تباہ کرتا ہے ۔

دوسری قسم ان مومنین صادقین کی ہے جو اپنی پوری ہستی کا سودا رضائے الٰہی کے حصول کے عوض کرلیتے ہیں ۔ پوری زندگی بیچ دیتے ہیں ۔ اس کا کچھ حصہ بھی رہنے نہیں دیتے ۔ اپنی سعی اور عمل ، اپنی تمام تگ ودو میں ، وہ اپنا کوئی حصہ نہیں رکھتے ۔ وہ اپنے آپ کو فنا ۔۔۔۔ کردیتے ہیں اور ہمہ تن اللہ کی طرف متوجہ ہوجاتے ہیں ۔

انسانوں کے یہ دومعیاری نمونے پیش کرنے کے بعد اب مسلمانوں کو دعوت دی جاتی ہے کہ وہ کسی تردد ، کسی جھجھک ، مطالبہ خوارق و معجزات کے بغیر پورے پورے دین اسلام میں داخل ہوجائیں ۔ بنی اسرائیل کی طرح نہ بنیں ، جنہوں نے قدم قدم پر خوارق ومعجزات کا مطالبہ کیا ، اللہ کی اس نعمت یعنی اسلامی نظام زندگی کی نعمت کو چھوڑ کر کفر کا راستہ اختیا کیا ۔ اللہ تعالیٰ نے فرمایا :” پوری طرح اسلام میں داخل ہوجاؤ۔ “ اشارہ اس طرف ہے کہ اسلام ایک مکمل نظام زندگی ہے اور تمہیں اپنی پوری زندگی کو اس نظام میں ڈھالنا ہے اس نظام پر عمل کرنا ہے ۔ (تفصیل آگے آرہی ہے )

ایمان کی نعمت عظمیٰ اور مسلمانوں پر اس کی امن وآشتی کی چھاؤں کے مقابلے میں ، کفار کے غلط نقطہ نظر کی ایک جھلک بھی دکھائی جاتی ہے ۔ یہ لوگ اپنے ناقص تصور زندگی کی وجہ سے مسلمانوں کا مذاق اڑاتے ہیں ۔ لیکن بتادیا جاتا ہے کہ اللہ کے نزدیک کس کی کیا قدر (Value) ہے۔” مگر قیامت کے روز پرہیزگار لوگ ہی ان کے مقابلے میں عالی مقام ہوں گے۔ “

اس کے بعد بتایا جاتا ہے کہ لوگوں کے درمیان اختلاف رائے کس طرح پیدا ہوگیا اور یہ کہ اس کا حل صرف یہ ہے کہ وہ معیار حق کی طرف پلٹیں اور اسے اپنا حاکم تسلیم کریں ۔ بتایا جاتا ہے کہ حق کا یہ معیار اللہ کی کتاب ہے ، جو نازل ہی اس لئے کی گئی ہے تاکہ لوگوں کے درمیان حق کے بارے میں جو اختلاف رائے پیدا ہوگیا ہے ، اس میں ان کے درمیان فیصلہ کرے۔

اس مناسبت سے بتادیا جاتا ہے کہ اس معیار حق کتاب اللہ کے حاملین کی راہ میں بیشمار مشکلات ہیں ۔ امت مسلمہ کو بتایا جاتا ہے کہ اس کی راہ میں سختیاں ہیں ، مصیبتیں ہیں ، نہ صرف تمہاری راہ میں بلکہ تاریخ انسانی مین جس جماعت نے بھی اس امانت کا بوجھ اٹھایا ، اس کا حال یہی رہا ہے تاکہ وہ اپنے آپ کو اس بار امت کے اٹھانے کے لئے تیار کرسکے ۔ جسے بہرحال اس نے اٹھانا ہے ۔ اور تاکہ وہ خوشی خوشی اس بوجھ کو اٹھانے کے لئے تیار ہو ، اطمینان کے ساتھ ۔ جب بھی فضا میں خطرات کی آلودگی ہو ، جب بھی اسے یہ نظر آتا ہو کہ صبح دور ہے ، وہ اللہ کی نصرت کے بارے میں پر امید رہے ۔

اس سبق میں ہم دیکھتے ہیں کہ اسلامی جماعت کی ٹریننگ اور تربیت کے قانون سازی کے ساتھ ساتھ اسلامی نظم وتربیت بھی سکھایا جارہا ہے ۔ اس تربیت کے مختلف پہلو بیان کئے جاتے ہیں جن کا زمزمہ نہایت خوشگوار اور پرتاثیر ہے اور یہ سب کچھ ان ہدایات و وضع قوانین کے اثنا میں ہورہا ہے جن سے اسلامی نظام بنتا ہے جو انسان کی پوری زندگی پر حاوی ہے۔

اردو ترجمہ

جب اُسے اقتدار حاصل ہو جاتا ہے، تو زمین میں اُس کی ساری دوڑ دھوپ اس لیے ہوتی ہے کہ فساد پھیلائے، کھیتوں کو غارت کرے اور نسل انسانی کو تباہ کرے حالاں کہ اللہ (جسے وہ گواہ بنا رہا تھا) فساد کو ہرگز پسند نہیں کرتا

انگریزی ٹرانسلیٹریشن

Waitha tawalla saAAa fee alardi liyufsida feeha wayuhlika alhartha waalnnasla waAllahu la yuhibbu alfasada

نفس انسانی کے یہ عجیب خدوخال ، کسی ماہر فن عکاس کی قلم سے ہیں اور یہ اس بات کا بین ثبوت ہیں کہ یہ کلام کسی انسان کا کلام نہیں ہے ۔ یہ تصویر کسی انسان کی بنائی ہوئی نہیں ہے ۔ اس کلام اور اس نفسیاتی عکاسی کا سرچشمہ انسانی دماغ ہرگز نہیں ہے ۔ کیونکہ کوئی انسان اس قدر مختصر الفاظ میں ، اتنی مختصر عکاسی کے ساتھ ، اس طرح انسانی نفسیات کی گہرائیوں تک نہیں پہنچ سکتا ۔ اور نفس انسانی کے ایسے گہرے خدوخال سامنے نہیں لاسکتا۔ جو اس قدر وسیع بھی ہوں اور اس قدر واضح بھی ۔

اس کلام کا ہر لفظ تصویر کی ایک لکیر ہے ، جو انسان کے کسی خدوخال ، کسی خصوصیت کا اظہار کرتی ہے ، جلد ہی یہ نقش ونگار چلتے پھرتے زندہ انسانوں کی صورت میں نظر آتے ہیں ۔ جس کی تصویر کھینچی گئی ہے ۔ وہ ایک الگ شخصیت بن جاتی ہے ، جس کی طرف انگلیوں سے اشارہ کیا جاسکتا ہے ۔ لاکھوں انسانوں میں سے ، اسے الگ کیا جاسکتا ہے ۔ آپ کہہ سکتے ہیں کہ یہ وہ شخص جس کی مصوری قرآن نے کی ہے ۔ الفاظ میں تصویر کشی بھی ایک قسم کی تخلیق ہے جس طرح زندہ چیزیں دست قدرت سے ، رات اور دن پیدا ہوتی رہتی ہیں ۔

اب یہ زندہ شخصیت ہے ۔ گویا بھی ہے اور چلتی پھرتی ہے ۔ اور اس کی ذات نیکی کا خلاصہ اور اخلاص کا پتلا ہے ۔ محبت ویکسوئی کا نمونہ اور بلند ہمت ہے ، بھلائی و نیکی اور طہارت و پاکیزگی کی ایک تڑپ ہے ۔ جو اس کے اندر پائی جاتی ہے ۔

اور یہ دوسری شخصیت جس کی باتیں بھلی معلوم ہوتی ہیں جو بہت زبان دراز ہے ۔ اس کی آواز کڑاکے دار ہے ، بات کرتا ہے تو بھلائی ، نیکی اور اصلاح کی بات کرتا ہے ۔ اپنی نیک نیتی پر اللہ کو گواہ ٹھہراتا ہے تاکہ اس کی بات زیادہ موثر اور واضح ہو۔ اور اس کی یکسوئی اور خلوص میں شبہ نہ ہو ، اس سے بظاہر نیکی اور اللہ خوفی کا اظہار ہو ، حالانکہ یہ شخص فی الحقیقت اللہ کا بدترین دشمن ہے ۔ اس کا نفس کینے اور جھگڑے سے بھر پڑا ہے۔ اس میں محبت اور شرافت کا ہلکا سا پرتو بھی نہیں یہ محبت وبھلائی سے یکسر محروم ہے ۔ احسان وایثار اس میں نام کو نہیں ۔

اس شخص کا ظاہر اس کے باطن سے الٹ ہے ۔ اس کا عیاں اس کے نمایاں سے دور ہے ۔ وہ جھوٹ کو بڑی چابکدستی سے سچ کا رنگ دے سکتا ہے لیکن جب عمل کا میدان آتا ہے تو وہ یہاں عیاں ہوجاتا ہے۔ حقیقت پردے سے باہر آجاتی ہے اور اس کا شر و فساد ، اور اس کا فتنہ کھل کر سامنے آجاتا ہے اس کی دشمنی اور کینہ پروری عیاں ہوجاتے ہیں وَإِذَا تَوَلَّى سَعَى فِي الأرْضِ لِيُفْسِدَ فِيهَا وَيُهْلِكَ الْحَرْثَ وَالنَّسْلَ وَاللَّهُ لا يُحِبُّ الْفَسَادَ ” جب اسے اقتدار حاصل ہوتا ہے تو زمین میں اس کی ساری دوڑ دھوپ اسی لئے ہوتی ہے کہ فساد پھیلائے ، کھیتوں کا غارت کرے ، اور نسل انسانی کو تباہ کرے ۔ حالانکہ اللہ فساد کو ہرگز پسند نہیں کرتا۔ “

جب وہ کسی عملی کام کی طرف متوجہ ہوتا ہے تو اس کا رجحان شروفساد ، سنگدلی اور ظلم کی جانب ہوتا ہے ۔ ہر معاملے میں سخت جھگڑالو ۔ وہ کھیتوں کو غارت کرتا ہے ، کھیتوں کے پھل ، سبزیاں اور روئیدگی وسرسبزی چھین لیتا ہے اور نسل انسانی کو بھی برباد کردیتا ہے ۔

وہ ہر قسم کی بھلائی کا دشمن ہے ۔ کھیتوں کو غارت کردیتا ہے ۔ پھل اور سبزیاں اور غلے تباہ ہوجاتے ہیں ۔ سرسبزی اور شادابی کی جگہ خشکی وویرانی آبستی ہے ۔ اور اس کا غلبہ نسل انسانی کی ہلاکت کا باعث ہوتا ہے۔

زندگی کی ہلاکت سے مراد وہ کینہ وشر اور وہ غدروفساد ہے ، جو اس بداخلاق شخص کے وجود میں پرورش پارہی تھی لیکن یہ شخص اسے اپنی چرب زبانی اور شیریں کلامی ، نیکی کے مظاہرے اور اصلاح و شرافت اور بھلائی وتقویٰ کی نمائش کے ذریعے چھپائے رکھتا ہے ۔ حالانکہ اللہ تعالیٰ فساد کو پسند نہیں کرتا اور ان مفسدین کو بھی پسند نہیں کرتا جو اس کائنات میں فساد پھیلانے کا موجب بنتے ہیں ۔

اللہ تعالیٰ سے اس قسم کے لوگ ہرگز پوشیدہ نہیں رہ سکتے ۔ اللہ تعالیٰ کے سامنے یہ طمع کاری اور یہ پالش کارگر نہیں ہوسکتی ، ہاں انسانوں میں کبھی کبھار یہ روغن سازی اور طمع کاری دھوکہ دے سکتی ہے ۔ اس لئے اللہ تعالیٰ کو اس قسم کے بد اخلاق اور بدفطرت شخص کی ملمع سازی دھوکہ نہیں دے سکتی ۔ ہاں عوام الناس جن کے سامنے خفیہ راز نہیں ہوتے اور ظاہر داری انہیں دھوکہ دے سکتی ہے ۔ ان کی نظروں میں ضرور اس قسم کے لوگ کسی قدروقعت رکھتے ہیں ۔

اردو ترجمہ

اور جب اس سے کہا جاتا ہے کہ اللہ سے ڈر، تو اپنے وقار کا خیال اُس کو گناہ پر جما دیتا ہے ایسے شخص کے لیے تو بس جہنم ہی کافی ہے اور وہ بہت برا ٹھکانا ہے

انگریزی ٹرانسلیٹریشن

Waitha qeela lahu ittaqi Allaha akhathathu alAAizzatu bialithmi fahasbuhu jahannamu walabisa almihadu

سیاق کلام آگے بڑھتا ہے ۔ یہی تصور سامنے ہے کچھ لکیریں مزید کھینچی جاتی ہیں اور کچھ نشانات اور واضح ہوکر سامنے آتے ہیں ۔ وَإِذَا قِيلَ لَهُ اتَّقِ اللَّهَ أَخَذَتْهُ الْعِزَّةُ بِالإثْمِ فَحَسْبُهُ جَهَنَّمُ وَلَبِئْسَ الْمِهَادُ ” جب اس سے کہا جاتا ہے کہ اللہ سے ڈر تو اپنے وقار کیا خیال اس کو گناہ پر جما دیتا ہے ۔ ایسے شخص کے لئے تو بس جہنم کافی ہے اور وہ بہت برا ٹھکانہ ہے ۔ “

جب اسے اقتدار حاصل ہوتا ہے تو وہ زمین میں فساد برپا کرتا ہے ، کھیتوں کو غارت کرتا ہے ، انسانی نسل کو تباہ کرتا ہے ، تباہی و بربادی کا دور دورہ ہوتا ہے ۔ ایسے شخص کے سینے میں شروفساد اور کینہ کا جو لاوا پک رہا تھا وہ پھوٹ کر باہر نکل آتا ہے ۔ جب اس قسم کا شخص یہ سب کچھ کرنے لگتا ہے اور اسے نصیحت کی خاطر اللہ خوفی کی یاددہانی کے لئے اللہ کے غضب سے بچنے کے لئے اور اس محسن سے حیا کرنے کے لئے صرف یہ کہا جاتا ہے :” اللہ سے ڈرو “ (اتق اللہ) تو وہ سخت بگڑتا ہے کہ کیوں اس کے سامنے یہ جراءت کی گئی ۔ یہ بات اسے کیوں کہی گئی ، یہ تو بری چیز ہے ۔ اسے نیکی کی طرف متوجہ کرنے والے ہیں کون ؟ اس پر اعتراض کرنے والوں کو یہ جراءت کیسے ہوئی ۔ کیا یہ لوگ اسے ہدایت دے رہے ہیں چناچہ اسے اپنے وقار کا خیال ، حق پر نہیں ، انصاف پر نہیں ، بھلائی پر نہیں بلکہ گناہ پر جما دیتا ہے ۔ وہ جرم کو عزت سمجھنے لگتا ہے ۔ خطا کو صواب سمجھتا ہے ۔ گناہ کو نیکی تصور کرتا ہے اور حق کے مقابلے میں اکڑجاتا ہے ۔ گردن فرازی کرتا ہے ، اللہ تعالیٰ کے مقابلے میں بڑی ڈھٹائی سے اتراتا ہے ۔ حالانکہ پہلے خود اس کی حالت یہ تھی کہ یہ اپنی نیک نیتی پر ہر وقت اللہ کو گواہ ٹھہراتا ، اور ہر وقت بھلائی ، نیکی ، یکسوئی اور حیاچشمی کا مظاہرہ کرتا۔

یہ ایک آخری (Touch) ہے ، جس سے اس تصویر کے خدوخال پورے ہوجاتے ہیں۔ یہ واضح تر ہوجاتی ہے اور اس کی کئی اقسام بھی سامنے آجاتی ہیں ۔ یہ تصویر اب زندہ متحرک مثالوں کی شکل اختیار کرلیتی ہے ۔ کسی تردد کے بغیر آپ یہ کہہ سکتے ہیں :” وہ ہے ! وہ ہے ! وہ ہے ! جس کی تصویر قرآن مجید نے ان الفاظ میں کھینچی ہے ۔ غرض ایسے لوگ تمہیں زندہ اشخاص کی صورت میں ہر دور میں اور ہر جگہ نظرآئیں گے ۔ “

ان صفات کفر پر جم جانے ، گناہ کو وطیرہ بنالینے ، حق کے ساتھ دشمنی اختیار کرنے ، سنگدلانہ فساد بپا کرنے اور فسق وفجور پھیلانے غرض ان سب صفات کے مقابلے میں اللہ کا صرف ایک ہی تازیانہ آتا ہے ۔ تازیانہ عبرت ! جو اس قماش کے لوگوں کے لئے موزوں اور ان کے حالات کے مطابق ہے کیا ؟ فَحَسْبُهُ جَهَنَّمُ وَلَبِئْسَ الْمِهَادُ ” ایسے لوگوں کے لئے تو جہنم ہی علاج ہے جو بہت ہی برا ٹھکانہ ہے ۔ “

کافی ہے ان کے بس ، کفایت یہ کفایت کرتی ہے ، جہنم جس کا ایندھن انسان اور پتھر ہوں گے ۔ جہنم جس میں ایسے مفسدین کو الٹا کرکے گرایاجائے گا اور شیطان کا تمام لشکر اس میں الٹاکرکے گرایا جائے گا ۔ جہنم جس کی آگ دل کو جلاڈالے گی ۔ جس کی جلن بجلی کی طرح دل سے چیخیں نکال دے گی۔ جہنم جو ہر چیز کو نیست ونابود کردے گی ، جلا کر راکھ کردے گی ۔ جہنم جس کے شعلے خوفناک وغضبناک ہوں گے ........ یہ جہنم ہی اس کا علاج ہے ، بہت ہی براٹھکانہ ہے ۔

غور کیجئے ! کس قدر حقارت آمیز تصویر ہے جہنم کی ۔ اس حقیر ٹھکانے کی ۔ کس قدر بدحال ہوگا وہ شخص جس کا یہ ٹھکانہ ٹھہرے ۔ ابھی ابھی دنیا میں یہ شخص اکڑ کر چلتا تھا ۔ پھولا ہوا پھرتا تھا اور کبر و غرور کا عالم یہ تھا کہ برائی پر بھی جمن جاتا تھا ، لیکن اب کہاں ہے ؟ مقام ذلت میں !

اردو ترجمہ

دوسری طرف انسانوں ہی میں کوئی ایسا بھی ہے، جو رضا ئے الٰہی کی طلب میں اپنی جان کھپا دیتا ہے اور ایسے بندوں پر اللہ بہت مہربان ہے

انگریزی ٹرانسلیٹریشن

Wamina alnnasi man yashree nafsahu ibtighaa mardati Allahi waAllahu raoofun bialAAibadi

یہ تو ہے ایک قسم کے لوگوں کی تصویر ۔ یہ تصویر کا ایک رخ ہے ۔ دوسرا بھی بھی دیکھئے ۔ اس دنیا میں کچھ اچھے لوگ بھی تو ہیں ۔ ذرا ان نفوس قدسیہ پر بھی نظر ڈالیں ۔ ان کے مقابلے میں وَمِنَ النَّاسِ مَنْ يَشْرِي نَفْسَهُ ابْتِغَاءَ مَرْضَاةِ اللَّهِ وَاللَّهُ رَءُوفٌ بِالْعِبَادِ ” دوسری طرف انسانوں ہی میں کوئی ایسا بھی ہے جو رضائے الٰہی کی طلب میں اپنی جان کھپا دیتا ہے اور ایسے بندوں پر اللہ بہت مہربان ہے۔ “

لفظ یشری کا مفہوم وسیع ہے یعنی فروخت کردینا اپنی جان کو ، پوری جان کو ، پوری کی پوری حوالہ کردیتا ہے ۔ اپنے لئے کچھ بھی نہیں چھوڑتا ، لیکن اس سودے میں قیمت کیا وصول کرتا ہے ؟ صرف رضائے الٰہی کی امید ۔ اب اس کا نفس اس کا اپنا نہیں رہا ہے ۔ نہ نفس کے بعد اس کے لئے کچھ رہ گیا ہے ، بےدھڑک اس نے سب کچھ بیچ ڈالا ۔ بےخطر سب کچھ دے دیا اور لیا بھی کچھ نہیں ۔ تمام پونجی ، تمام وجود بیچ ڈالا ، اللہ کو دے دیا ۔ غیر اللہ کے لئے نفس کا کوئی حصہ بچا کر نہ رکھا گیا۔

ایک تعبیر یہ بھی ہوسکتی ہے : اس نے اپنے نفس کو بیچا نہیں ، بلکہ خریدا ہے ۔ اس کا نفس اغراض دنیا وی کا غلام تھا ۔ اس نے اسے خرید لیا ۔ خرید کر آزاد کردیا ۔ آزاد کرکے اللہ تعالیٰ خالص اللہ کا کردیا۔ اب اس نفس کے ساتھ کسی کا کوئی حق وابستہ نہیں ہے ۔ صرف اللہ کا حق ہے ۔ مالک کا حق ہے ۔ یہ شخص دنیا کی تمام اغراض ، تمام مقاصد کو قربان کردیتا ہے اور اپنے نفس کو قابض کرکے اللہ کے لئے کردیتا ہے ۔ بعض روایات میں ان آیات کے نزول کا موقعہ بھی بیان کیا گیا ہے ۔

ابن کثیر نے لکھا ہے :” ابن عباس ؓ ، انس ؓ ، سعید بن مسیب (رح) ، ابوعثمان نہدی (رح) ، عکرمہ (رح) اور ایک پوری جماعت صحابہ وتابعین کا کہنا ہے : یہ آیت صہیب بن سنان رومی ؓ کے بارے میں نازل ہوئی ہے ۔ یہ مکہ مکرمہ میں مشرف بہ اسلام ہوئے ہجرت کی تیاری کرنے لگے ۔ لوگوں نے کہا کہ تم اپنی دولت کے ساتھ نہیں جاسکتے ۔ اگر جانا ہی چاہتے ہو تو دولت یہاں چھوڑ دو اور انہوں نے ان کی شرائط کے مطابق جان چھڑائی ۔ تمام دولت ان کے حوالے کردی ۔ اس پر اللہ تعالیٰ نے یہ آیت ان کے حق میں نازل فرمائی۔ حضرت عمر ؓ اور آپ کے بعض دوسرے رفقاء کی ملاقات ان سے حرہ کے گرد ونواح میں ہوئی ۔ انہوں نے اس سے کہا : سودا نفع بخش ہے ۔ “ انہوں نے کہا :” اچھا آپ لوگ ہیں ! اللہ آپ کی تجارت میں کبھی خسارہ نہ کرے ۔ معاملہ کیا ہے ؟ “ انہوں نے انہیں پورا قصہ سنایا اور اطلاع دی کہ تمہارے متعلق اللہ تعالیٰ نے یہ آیت نازل فرمائی ہے۔

روایات میں آتا ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے ان سے کہا :” صہیب نے اس سودے میں بہت ہی نفع کمایا ہے۔ “

ابن مردویہ (رح) نے محمد بن ابراہیم (رح) ، محمد بن عبداللہ (رح) ، سلیمان بن داؤد ، جعفر بن ابی سلیمان ضبی ، عوف (رح) ، اور ابوعثمان نہدی (رح) کے واسطوں سے حضرت صہیب ؓ سے یہ روایت نقل کی ہے ۔ فرماتے ہیں :” جب میں نے مکہ مکرمہ سے رسول اللہ ﷺ کی طرف ہجرت کا ارادہ کیا تو مجھے اہل قریش نے کہا صہیب ! جب تم آئے تھے تو تمہارے پاس ایک کوڑی نہ تھی ، اب تم جاتے ہو تو مال کے ساتھ ۔ یہ نہ ہوسکے گا ۔ میں نے ان سے کہا : اگر میں اپنی دولت تمہارے لئے چھوڑ دوں تو کیا تم مجھے جانے دوگے ؟ انہوں نے کہا :” بڑی خوشی سے ۔ “ میں نے اپنی دولت ان کے حوالے کردی انہوں نے مجھے چھوڑ دیا ۔ میں نکل پڑا ۔ مدینہ پہنچا ۔ اس ماجرا کی اطلاع رسول ﷺ نے پائی تو آپ نے فرمایا :” صہیب خوب کمایا صہیب خوب کمایا۔ “ دو مرتبہ آپ نے فرمایا۔

چاہے آیت اس واقعے میں نازل ہوئی ہو یا اس واقعے پر رسول ﷺ اور صحابہ نے اسے منطبق پایا۔ لیکن اس کا مفہوم ایک حادثہ ایک فرد کے مقابلے میں بہت ہی وسیع ہے ۔ یہ تو ایک نفس کی نفسیاتی کییفیت کی ایک تصویر ہے ۔ اس میں لوگوں کی ایک قسم کے خدوخال بتائے گئے ہیں ۔ اس کی مثالیں جگہ جگہ ملتی ہیں ، دیکھی جاسکتی ہیں ۔

یہ دو فیچر ہیں ، دو تصاویر ہیں ، پہلی تصویر ہر شخص پر منطبق ہوتی ہے جس میں دورنگی ہو ، نمائش ہو ۔ چرب زبان ہو ، سنگ دل ہو ، شریف النفس ہو ، سخت جھگڑالو ہو اور اس کی فطرت فاسدہ ہوچکی ہو ........ دوسری تصویر ہر اس شخص کی ہے جو مومن ہو۔ خالص الایمان ہو ، اللہ کے لئے یکسو ہو ، اس نے اغراض دنیا کو خیر باد کہہ دیا ہو ۔ یہ دونوں انسانوں کے دومعروف نمونے ہیں ۔ تخلیق قلم سے ان کی یہ عجیب معجزانہ تصاویر ہیں ۔ لوگوں کے سامنے ان دونوں تصاویر کی نمائش ہورہی ہے ۔ لوگ ایک طرف قرآن کے اعجاز بیان پر غور کرتے ہیں اور دوسری طرف اس پر حیران ہیں کہ اللہ تعالیٰ نے کس اعجاز سے انسانوں میں فرق کیا ہے۔ ایک ہی انسان ہے مگر مومن اور وہی انسان ہے ، مگر منافق ۔ ایک ہی شکل مگر ذائقہ جدا ........ لوگوں کو بتایا جاتا ہے کہ میٹھی میٹھی باتوں سے دھوکہ نہ کھاؤ، محض چرب زبانی کی وجہ سے کسی کے بارے میں کوئی فیصلہ نہ کرلو ، میٹھی میٹھی ذائقہ دار باتوں کے پیچھے حقیقت بھی تلاش کرو۔ نیز الفاظ اور بناوٹی لفاظی ، خوش ذائقہ ریاکاری کے پس منظر میں معنی بھی دیکھو اور ساتھ ہی ساتھ بتادیا کہ ایمانی قدریں کیا ہیں ؟

دو تصاویر آئل پینٹنگ (Oil Painting) کی دو چادریں ، ایک بدکار منافقت کا نمونہ اور دوسری خالص ایمان کا نمونہ ۔ ان کو سامنے رکھ کر ، ان کے سائے میں رک کر ، تحریک اسلامی کو پکارا جاتا ہے۔ اہل ایمان کے نام سے پکارا جاتا ہے ۔ اس نام سے جو ان کا جانا پہچانا ہے ایمان والو ! پورے کے پورے اسلام میں آجاؤ ! شیطان کے نقش قدم پر نہ چلو ! ہوشیار ہوجاؤ ! اس بین خطاب کے بعد بھی کہیں پائے خیال پھسل نہ پڑے ۔

اردو ترجمہ

اے ایمان لانے والو! تم پورے کے پورے اسلام میں آ جاؤ اور شیطان کی پیروی نہ کرو کہ وہ تمہارا کھلا دشمن ہے

انگریزی ٹرانسلیٹریشن

Ya ayyuha allatheena amanoo odkhuloo fee alssilmi kaffatan wala tattabiAAoo khutuwati alshshaytani innahu lakum AAaduwwun mubeenun

اہل ایمان کو بلایا جاتا ہے ایمان کے لقب کے ساتھ جو انہیں بہت ہی پیاری ہے ، جو انہیں امتیاز بخشتی ہے ۔ انہوں اوروں سے ممتاز بناتی ہے۔ جو ان کے اور ان کے پکارنے والے ، ان کے اپنے رب کے درمیان واحد رابطہ ہے ۔ اہل ایمان کو پکار کر دعوت دی جاتی ہے کہ پورے پورے اسلام میں آجاؤ !

اس دعوت کا پہلا اور ابتدائی مفہوم یہ ہے کہ اہل ایمان کلیتاً اللہ کے سامنے سرتسلیم خم کردیں۔ اور ان کا پورا وجود ، اپنے چھوٹے اور بڑے سے بڑے معاملے میں ، اللہ کے لئے ہوجائے ۔ ان کے تصور اور ان کے شعور ، ان کی نیت اور ان کے عمل ، ان کی خواہش اور ان کی قناعت کا کوئی حصہ بھی آزاد نہ رہ جائے ۔ وہ پورے کے پورے اسلام میں آجائیں ۔ پورے کے پورے اللہ کے تابع ہوجائیں ۔ اور ہر معاملے میں اللہ کے ہوں اور اللہ کے فیصلے پر راضی ہوں ۔ وہ اپنی لگام اس ہاتھ میں ، مکمل یقین و اطمینان کے ساتھ تھمادیں جو ان کی قیادت کررہا ہے ۔ اور انہیں پورا یقین ہو کہ ان کا قائد بھلائی خیر خواہی اور صحیح راہنمائی کے سوا کچھ بھی نہیں چاہتا ۔ وہ اطمینان کرلیں کہ جس راہ پر وہ گامزن ہیں ، جس منزل کی طرف وہ رواں دواں ہیں وہی حق ہے اور اسی میں دنیا وآخرت کی فلاح ہے۔

اس مرحلے پر ، اہل ایمان کو مکمل تسلیم کی دعوت دینے سے اس بات کا اظہار ہوتا ہے کہ ابھی تک مسلمانوں کی صفوں میں ایسے لوگ پائے جاتے تھے جن کے دلوں میں تردد تھا ، خلجان تھا جو ابھی تک اس بات پر مطمئن نہ تھے کہ انہوں نے ظاہراً اور باطناً ہر طرح سے پوری پوری اطاعت کرنی ہے ۔ اور یہ کوئی اچھنبے کی بات بھی نہیں ہے ۔ تحریکات میں ایک طرف اگر مطمئن ، پختہ کار اور مطیع فرمان لوگ ہوتے ہیں ، تو ساتھ ساتھ ایسے لوگ بھی ہوتے ہیں جن میں کمزوریاں ہوتی ہیں ۔ یہ پکار اور یہ دعوت ایسی ہے جو ہر وقت اہل ایمان کو دی جاتی رہے گی کہ وہ مخلص ہوجائیں ، یکسو ہوجائیں ۔ ان کے دل کی دھڑکنیں ، ان کے شعور اور میلانات اللہ کے حکم اور اللہ کے ارادے سے ہم آہنگ ہوجائیں ۔ وہ اللہ کے ہوجائیں جو انہیں ان کے نبی اور ان کے اپنے نظام کی طرف لے جاتا ہے ، بغیر کسی تردد ، بغیر کسی خلجان کے اور پوری یکسوئی کے ساتھ۔

اور ایک مومن جب اس دعوت کو قبول کرتا ہے ، شرح صدر کے ساتھ اور پورے طور پر ، تو وہ ایک ایسی دنیا میں قدم رکھتا ہے ، جو امن کی دنیا ہے ، جو سلامتی کی دنیا ہے۔ وہ ایک ایسے جہاں میں داخل ہوجاتا ہے جو اطمینان کا جہاں ہے ۔ جو رضا اور سکون کا جہاں ہے ، وہ ایک ایسے عالم میں جاپہنچتا ہے جس میں نہ حیرانی ہے نہ پریشانی ، جس میں فساد ہے نہ گمراہی جہاں ہر شخص اور ہر ذی روح کے ساتھ بن پڑتی ہے ۔ جہاں وجود اور موجودات کے ساتھ ہم آہنگی ہوتی ہے ۔ جہاں نفس انسانی کے خفیہ ترین اور پوشیدہ ترین گوشوں میں بھی سکون ہے اور انسان کی ظاہری اور اجتماعی زندگی میں سکون ہے ۔ ایسا عالم ، جس کی زمین میں امن و سکون اور جس کے ایمان پر بھی اطمینان وقرار۔

اس سلامتی کا قلب مومن پر پہلا اثر یہ ہوتا ہے کہ اسے اپنے اللہ اور اپنے رب کے بارے میں ایک صحیح تصور ملتا ہے ۔ یہ تصور خالص بھی ہے اور ستھرا بھی ۔ یہ کہ وہ واحد معبود ہے صرف اسی کی طرف مومن متوجہ ہوتا ہے اور وہی اس کا قبلہ ہوتا ہے۔ پھر اس پر مومن مستقلاً جم جاتا ہے اس کا دل مطمئن ہوجاتا ہے۔ نہ اب مختلف راستے رہتے ہیں نہ مختلف قبلے رہتے ہیں ۔ اب وہ حالت نہیں رہی وہ نہایت ہی اطمینان ، نہایت ہی وثوق اور نہایت صحت اور نہایت صفائی کے ساتھ متوجہ ہوتا ہے۔

وہ ایک ایسا آلہ ہے جو عزیز اور طاقتور ہے ، جو غالب اور قادر ہے ۔ جب مومن اس کی طرف پھرتا ہے تو وہ سچائی کی ایک زبردست قوت کی طرف پھرتا ہے ، جو اس کائنات کی واحد قوت ہے ۔ اب یہ اطمینان واستراحت کی زندگی بسر کرے گا اور اسے کسی جھوٹی قوت کا کوئی ڈر نہ ہوگا۔ وہ کسی چیز سے خوف نہ کھائے گا وہ ایسے معبود کی بندگی کرے گا جو عزیز اور طاقتور ہے ۔ جو غالب اور صاحب قدرت ہے ۔ اس لئے اب اسے کسی چیز کی محرومی کا کوئی خوف نہ ہوگا۔ نہ وہ ایسی طاقتوں سے خوف کھائے گا نہ ایسی طاقتوں سے توقع کرے گا جن کے پاس نہ دینے کی طاقت ہے اور نہ محروم کرنے کی قوت ہے۔

وہ ایک عادل اور حکیم الٰہ ہے ۔ اس کی قوت اور اس کی قدرت ہی مظالم کے خلاف ضمانت ہے ۔ خواہشات نفسانیہ کے خلاف ضمانت ہے ، کھوٹ کے خلاف ضمانت ہے۔ وہ جاہلیت کے بتوں جیسا معبود نہین ہے ۔ جن کے تصور کے ساتھ سفلی جذبات اور شہوات کا تصور لازم ہے ۔ یہی وجہ ہے کہ جب ایک شخص اسلام میں داخل ہوتا ہے تو وہ باطل معبودوں کو چھوڑ کر ایک مضبوط ذات کا سہارا لیتا ہے۔ جہاں سے انصاف ملتا ہے ، امن ملتا ہے اور خصوصی رعایت واکرام حاصل ہوتا ہے۔

وہ ایک ایسا رب ہے جو نہایت مہربان ہے ۔ نہایت مشفق ہے ، منعم ہے ۔ وہاب ہے ، گناہ معاف کرنے والا ، توبہ قبول کرنے والا ہے ۔ وہ مصیبت زدہ کی پکار کو سنتا ہے اور قبول کرتا ہے۔ اس کی مصیبت کو دور کرتا ہے ، لہٰذا ایک مسلمان اس کے سایہ عطوفت میں مانوس ومامون ہوتا ہے۔ سلامتی میں اور بہرہ مندی میں ہوتا ہے۔ اگر ضعیف ہوجائے تو اس پر رحم ہوتا ہے ۔ اگر تائب ہوجائے تو معاف کردیا جاتا ہے۔

اسلام میں آنے کے بعد ایک مومن کو اسلام سب سے پہلے اپنے اس رب کی صفات سے روشناس کراتا ہے ۔ مومن ان صفات کا مطالعہ کرتا جاتا ہے۔ اس صفت میں اسے ایسا مفہوم ملتا ہے جس سے اس کا دل مانوس ہوتا جاتا ہے۔ اس کی روح مطمئن ہوتی چلی جاتی ہے اور اسے اپنے اس معبود کی طرف سے حمایت ، بچاؤ، مہربانی ، رحمت ، عزت ، شرافت و سکون اور امن کی گارنٹی ملتی ہے۔

سلامتی کے جس نظام میں یہ مومن داخل ہوتا ہے ، اس سے اسے بندے اور خدا کے مابین تعلق کے بارے میں صحیح تصور ملتا ہے۔ نیز یہ اللہ اور بندے کے تعلق ، اس کائنات کے ساتھ انسان کے تعلق کے بارے میں صحیح فکر دیتا ہے۔ مثلاً یہ کہ وہ اللہ ہی ہے جس نے سچائی کے ساتھ اس کائنات کی تخلیق کی ۔ اس کائنات میں پھر اس نے ہر چیز کو حکمت کے ساتھ پورا پورا پیدا کیا ۔ پھر اس نے اس کائنات میں انسان کو ایک حکمت کے تحت پیدا کیا ۔ اس لئے اسے یوں ہی آزاد نہ چھوڑدیا جائے گا ۔ اللہ نے تمام کائناتی ماحول کو ایسا بنایا ہے کہ یہ سب کا سب اور اس کی ہر چیز انسانوں کے لئے ممد حیات ہے ۔ پھر زمین کے اندر جتنی چیزیں ہیں ان پر انسان کا اقتدار قائم کیا ۔ اللہ کے نزدیک بھی انسان بڑی ذی شرف مخلوق ہے ۔ اس زمین پر وہ اللہ کا خلیفہ اور نائب ہے ۔ اس منصب خلافت کے چلانے میں خود اللہ اس کا مددگار ہے۔ اور پھر اس انسان کے اردگرد پھیلی ہوئی یہ کائنات بھی اس کی ہمدم ہے ، اس کے ساتھ مانوس ہے ۔ کائنات کی روح انسان کی روح سے ہم آہنگ ہے ۔ یہ کائنات بھی اللہ کی تسبیح کرتی ہے اور انسان بھی اس کی تمجید کرتا ہے ۔ کائنات کیا ہے بلکہ ارض وسماوات میں ایک میلہ ہے جو قادر مطلق نے اس انسان کی فرحت طبع کے لئے قائم کیا ہے اور اسے دعوت دی ہے کہ وہ اس میلے میں شریک ہو۔ اس کے خلا کو بھر دے اور اس کے ساتھ مانوس ہوجائے ۔ اسے کہا گیا ہے کہ وہ اس کائنات عظیم کی ہر چیز کے ساتھ محبت کرے ، اس کے ہر انداز کے ساتھ پیار کرے ، اس کائنات میں تو بیشمار ہمدم ہیں اور وہ بھی خصوصی دعوت پر اس میلے میں وارد ہیں ، اس کے ہر انداز کے ساتھ پیار کرے ، اس کائنات میں تو بیشمار ہمدم ہیں اور وہ بھی خصوصی دعوت پر اس میلے میں وارد ہیں ، غرض کائنات کی سب چیزیں بےجان یا زندہ سب کی سب اس جشن نوبہاراں کے ارکان ہیں اور پیار کے مستحق ہیں ۔

آشتی کا یہ نظام مسلمان کو ایک نظریہ حیات عطا کرتا ہے ۔ اس نظریہ کے ساتھ وہ اگر ایک حقیر پودے کو دیکھتا ہے ، جسے پانی کی ضرورت ہے اور پھر اسے سیراب کردیتا ہے ، اس کی نشوونما میں معاون ہوتا ہے ، اس کی راہ میں حائل مشکلات کو دور کرتا ہے ، تو اس نظریہ حیات کے مطابق محض اس فعل پر بھی وہ ماجور ہوگا۔ کیا حسین نظریہ ہے ! کیا ہی قیمتی نظریہ ہے ! جو ایک ماننے والے کی روح کو امن سے بھر دیتا ہے۔ وہ اس پوری کائنات کا ہمدم بن جاتا ہے اور ہر موجود کو گلے لگاتا ہے۔ وہ اس طرح بن جاتا ہے کہ ایک قمقمے کی طرح اپنی ہر طرف امن وسلامتی اور رفق و محبت کی ضوپاشی کرتا رہتا ہے۔

پھر اس نظام میں عقیدہ آخرت ہے ۔ مومن کی روح اور مومن کی دنیا میں یہ عقیدہ بہت اہم رول ادا کرتا ہے ۔ اس پر سلامتی کا فیضان ہوجاتا ہے ۔ اس کی زندگی سے ہر قسم کی بےچینی ، پریشانی ، مایوسی اور جھنجھلاہٹ دور ہوجاتی ہے ۔ کیونکہ حساب و کتاب اس دنیا ہی میں ختم نہیں ہوجاتا ، ضروری نہیں ہے کہ پوری پوری چیز اس دنیا میں چکادی جائے ۔ اصل حساب و کتاب تو عادل مطلق کی عدالت میں ہوگا۔ اس لئے اگر وہ بھلائی کرتا ہے ، اللہ کی راہ میں جدوجہد کرتا ہے اور اس دنیا میں کامیاب نہیں ہوتا اور اسے اس کا کوئی صلہ نہیں ملتا تو اسے کوئی ندامت نہیں ہوتی ۔ اسے اس پر کوئی پریشانی لاحق نہیں ہوتی کہ اس دنیا میں ، دنیا والوں کے معیاروں کے مطابق ، اسے کوئی صلہ نہیں ملا ، نہیں ملا تو نہ ملے ۔ عنقریب اسے اللہ کی میزان کے مطابق مل جائے گا اور پورا پورا ۔ جب اس دنیا میں حقوق کی غیر منصفانہ تقسیم ہوتی ہے ۔ اس کے منشاء کے خلاف تقسیم ہوتی ہے تو وہ ” عدل “ کے معاملے میں مایوس نہیں ہوتا ، عدالت تو لازماً لگنے والی ہے۔ جس کا افسر رب العباد ہے ، جو اپنے عباد پر ظلم و زیادتی کا ارادہ ہی نہیں کرتا چہ جائیکہ ظلم کرے ۔

اس دنیا میں ایک مجنونانہ کشمکش برپا ہے ۔ اس کشمکش میں بالعموم بلند اقدار پامال ہورہی ہیں ، آبروئیں لٹ رہی ہیں ۔ بےشرمی اور بےحیائی سے حقوق پامال ہوتے ہیں ، لیکن مومن سلامتی وآشتی کے اس نظام حیات میں داخل ہونے والا مومن اس سے دور رہتا ہے۔ یہ عقیدہ آخرت ہی ہے ، جو اسے گندگی سے دور رکھتا ہے ، وہ تو آخرت پر نظریں جمائے ہوئے ہے ۔ وہاں دادوہش ہے ، وہاں تلافی مافات ہے ۔ وہاں عطا وغنا ہے ۔ یہ دنیا باہمی مسابقت کا ایک میدان ہے ۔ باہمی حسد ومنافقت کی ایک جنگاہ ہے ۔

زندگی کا یہ تصور قلب مومن پر سکون وسلامتی اور صبر و قناعت کی بارش کردیتا ہے ۔ جب وہ اس دوڑ میں حصہ لینے والوں کی حرکات کو دیکھتا ہے تو اسے یہ بھلی معلوم نہیں ہوتیں ۔ انسان میں قدرتاً یہ شعور ہوتا ہے کہ زندگی مختصر ہے ۔ فرصت کے لمحات تھوڑے ہیں ۔ زندگی کی اس دوڑ میں پھر یہ شعور شدید سے شدید تر ہوتا چلا جاتا ہے ۔ لیکن اسلامی نظریہ حیات کا عقیدہ آخرت پیاس کی اس شدت کو کم کردیتا ہے۔

پھر امن وآشتی کے اس نظام میں ، انسان کو وجود میں لانے کی غرض وغایت اور اس کا مقصد تخلیق اللہ کی بندگی اور اللہ کی غلامی کو قرار دیا جاتا ہے ۔ وہ پیدا ہی اس لئے ہوا ہے کہ اللہ کی غلامی کرے ، حقیقت یہ ہے کہ اس طرح ، یہ انسان کی ایک بلند اور روشن افق پر ایک بلند ستارہ بن جاتا ہے ۔ اس کا خمیر اور اس کا شعور بلند ہوجاتے ہیں ۔ اس کے اعمال اور اس کی سرگرمیاں بلند ہوجاتی ہیں ۔ اس کے وسائل اور اس کے ذرائع پاک ہوجاتے ہیں ۔ وہ اپنے تمام اعمال اور تمام سرگرمیوں میں اللہ کا غلام بن جاتا ہے ۔ اس کا کمانا اور اس کا خرچ کرنا بھی عبادت بن جاتے ہیں۔ وہ دنیا میں منصب خلافت حاصل کرتا ہے اور یہاں اسلامی نظام زندگی قائم کرتا ہے تو بھی عبادت کرتا ہے۔ بندگی ، عبادت اور غلامی کے اس تصور کا نتیجہ یہ ہوتا ہے کہ ایک مسلم نہ غدار ہوتا ہے نہ بدکار ، وہ نہ فریب کار ہوتا ہے نہ دھوکہ باز ، نہ ظالم ہوتا اور نہ جبار ، وہ حصول مقصد کے لئے ناپاک ذرائع کام میں نہیں لاتا ، نہ وہ خسیسانہ وسائل سے کام لیتا ہے ۔ وہ منزل تک پہنچنے کے لئے بےتاب بھی نہیں ہوتا۔ وہ عجلت اور جلد بازی نہیں کرتا اور وہ اپنے آپ کو دنیاوی مشکلات میں نہیں پھنساتا ۔ وہ خالص نیت کے ساتھ ، مسلسل عمل کے ساتھ ، اپنی طاقت کے حدود میں رہتے ہوئے ، اپنے نصب العین کی طرف بڑھتا رہتا ہے۔ ان سب باتوں کا نتیجہ یہ ہوتا ہے کہ کوئی خوف اور کوئی لالچ اس کے نفس پر اثر انداز نہیں ہوسکتا ۔ زندگی کے اس سفر کے مختلف مراحل میں کسی مرحلے میں بھی وہ بےچین نہیں ہوجاتا ۔ اس لئے کہ ہر قدم پر وہ اللہ کی عبادت میں ہوتا ہے ۔۔ وہ ہر خطرے کو انگیز کرتا ہے ۔ اس لئے کہ وہی اس کا مقصد تخلیق ہے ۔ غرض وہ ہر سرگرمی اور ہر میدان میں بلندیوں کی طرف بڑھتا چلا جاتا ہے ۔ اپنے اللہ رب العالمین اور اپنے خالق کی سمت میں ۔ مومن کا یہ شعور کہ وہ اللہ کی تقدیر کا ہمدم ہے ۔ شاہراہ تقدیر پر گامزن ہے ۔ وہ اللہ کی بندگی میں ہے ، وہ ارادہ الٰہی کا مظہر ہے ، اس کی روح پر طمانیت کی بارش کردیتا ہے ۔ اس کا پیمانہ دل سکون وقرار سے لبریز ہوجاتا ہے۔ کسی تحیر کے بغیر ، کسی بےچینی کے بغیر ، کسی جھنجھلاہٹ کے بغیر اور مصائب ومشکلات کو خاطر میں لائے بغیر اپنے نشان منزل کی طرف رواں دواں ہوتا ہے۔ وہ اللہ کی اعانت اور نصرت سے مایوس نہیں ہوتا ۔ اسے یہ خوف بھی نہیں رہتاق کہ اس کا نصب العین نظروں سے اوجھل ہوجائے گا یا اس کا اجر ضائع ہوگا۔ یہی وجہ ہے کہ وہ اپنے دشمنوں کے ساتھ ، اللہ کے دشمنوں کے ساتھ برسر جنگ بھی ہوتا ہے لیکن اس کی روح میں ٹھہراؤ اور سکون ہوتا ہے۔ کیونکہ وہ نہ جاہ ومنصب کے لڑرہا ہوتا ہے ، نہ دولت اور غنیمت کے لڑتا ہے اور نہ اغراض دنیا میں سے کسی غرض کے لئے برسر پیکار ہے۔

قلب مومن یہ شعور لئے ہوئے ہے کہ وہ اس پوری کائنات میں سنت اللہ کا ہمقدم ہے ۔ اس کا قانون قانون فطرت ہے ۔ اس کا رخ اسی سمت ہے جو فطرت کائنات کی سمت ہے ۔ پس اس کے اور اقوائے فطرت کے درمیان کوئی تصادم نہیں ، حقائق فطرت کے ساتھ اس کی کوئی لڑائی نہیں ۔ اس لئے مومن کی فطری قوتیں اور اس کائنات کی قوتیں ہم آہنگ ہوجاتی ہیں۔ ان کے درمیان ٹکراؤ کے نتیجے میں یہ قوتیں بکھر نہیں جاتیں ۔ منتشر نہیں ہوجاتیں بلکہ اس کائنات کی تمام قوتیں ایک مسلمان کی قوتوں کے ساتھ آملتی ہیں ۔ یہ قوتیں بھی اسی روشنی کے ساتھ منزل تلاش کرتی ہیں جس کے ساتھ مرد مومن تلاش کرتا ہے ۔ غرض کائنات کی تمام قوتیں اللہ کی سمت میں رواں دواں ہیں اور مرد مومن بھی اسی طرف رواں دواں ہے ۔

اسلام نے ، مسلمانوں کے لئے جو فرائض مقرر کئے ہیں وہ فطری ہیں ۔ فطرت کی تصحیح کے لئے ہیں ۔ سب کے سب انسانی طاقت کے حدود میں ہیں ۔ ان میں انسان کے مزاج اور اس کے عناصر تکوینی کا پوراپورا لحاظ رکھا گیا ہے ۔ اسلام انسان کی قوتوں میں سے کسی قوت کو بھی مہمل نہیں رہنے دیتا ، ہر قوت کام میں لگی ہوئی ہے ۔ نشوونما اور تعمیر و ترقی میں اپنا پارٹ ادا کررہی ہوتی ہے ۔ وہ انسان کی روحانی اور جسمانی ضروریات میں سے کسی کو نظرانداز نہیں کرتا ، بلکہ وہ بڑی آسانی ، بڑی نرمی ، بڑی فراخ دلی کے ساتھ انسان کے تمام دواعی فطرت کو پورا کرتا ہے ۔ اس لئے ان عبادات پر عمل پیرا ہوتے وقت اسے کوئی پریشانی نہیں ہوتی ، بےچینی کا مقابلہ نہیں کرنا ہوتا ۔ وہ ان عبادات و فرائض پر اپنی طاقت وقدرت کے مطابق عمل پیرا ہوتا ہے ۔ اور بڑی طمانیت قلب کے ساتھ ، بڑے روحانی سکون کے ساتھ مسلسل اپنی منزل طے کرتا چلا جاتا ہے ۔ کدھر ؟ اپنے خالق معبود کی طرف۔

اسلام ، یعنی ربانی نظام زندگی جس معاشرے کو جنم دیتا ہے ، وہ معاشرہ بھی امن وسلامتی کامینار ہے ۔ یہ مینار ایک اونچے مقام سے مسلسل امن وآشتی کی ضوپاشی کررہا ہے ۔ یہ معاشرہ اس نظام کے نتیجے میں پیدا ہوتا ہے ۔ جس کی کونپلیں اس قیمتی اور حسین نظریہ حیات کے شجر سے پھوٹتی ہیں جو قلب مومن میں جاگزیں ہے ، یہ معاشرہ حفظ نفس ، حفظ آبرو اور حفظ مال کی خدائی تحفظات (Guaranties) کے سائے میں نشوونما پاتا ہے۔

ایسا معاشرہ ، جس کے سپوت بھائی بھائی ہوں ، ایک دوسرے کے ساتھ پیار کرنے والے ہوں ، ایک دوسرے سے جڑے ہوئے ہوں ، ایک دوسرے کا سہارا ہوں اور ایک دوسرے کے ساتھ اجتماعی طور پر ضامن (SocialSureties) ہوں اور جس اک ہر جز دوسرے اجزاء کے ساتھ ہم آہنگ ہو۔ تاریخ ایک بار تو اسلام ایسے معاشرے کو عملاً وجود میں لایا ۔ بہت اعلیٰ واصفیٰ شکل میں ، اپنی ترقی یافتہ صورت میں ، اسلامی تاریخ کے بعد کے ادوار میں بھی ایسے معاشرے وجود آتے رہے جو اپنے معیار کے اعتبار سے بیشک بعض کم رہے ، بعض اچھے رہے ، لیکن اپنی کمزوریوں کے باوجود وہ ان تمام معاشروں سے اونچے رہے جو کبھی بھی وجود میں آئے ، چاہے جاہلیت قدیمہ کے دور میں ہوں ، چاہے جاہلیت جدیدہ کے دور میں ہوں بلکہ ان تمام معاشروں سے بھی جو اگرچہ جاہل نہ ہوں ۔ لیکن ان میں جاہلیت کی آمیزش آگئی ہو۔ جو جاہلیت کے ساتھ آلودہ ہوچکے ہیں اور جن کی فکر میں اور جن کے نظم اجتماعی میں صرف دنیاوی تصورات ہی کارفرما ہوں۔

یہ معاشرہ یعنی اسلامی معاشرہ ایسا ہوتا ہے جس کے افراد و اجزاء میں صرف ایک رابطہ ہوتا ہے یعنی نظریہ حیات کا رابطہ ۔ یہ بہت ہی وسیع نظریاتی معاشرہ ہوتا ہے۔ تمام قومیات ، تمام ملکی حدود ، تمام زبانیں اور تمام رنگ اس کے مقابلے میں پگھل کر فنا ہوجاتے ہیں ۔ غرض تمام غلط افکار قومیت ، لسانیت ، وطنیت اور رنگ ونسل کے تمام فکری فتنے جن کا انسان کی انسانیت کے ساتھ کوئی واسطہ نہیں ہوتا وہ سب کے سب پگھل کر اس وسیع الاساس اسلامی معاشرے میں جذب ہوجاتے ہیں ۔

ذرا سنئے ! اس معاشرے کے بارے اللہ کی ہدایات :” بیشک مومنین آپس میں بھائی بھائی ہیں۔ (سورۃ الحجرات : 10) “۔ اس معاشرے کی بہترین تصویر رسول ﷺ نے ایک مشہور حدیث میں کھنچی ہے :” باہمی محبت ، باہمی رحم ، باہمی مہربانی کے لحاظ سے ، مومنین کی مثال ایک جسم واحد کی سی ہے ۔ جسم میں سے ایک عضو بھی تکلیف میں ہو تو تمام جسم بےآرام ہوجاتا ہے۔ پورا جسم جاگتا ہے اور پورے جسم میں بخار کی حالت پیدا ہوجاتی ہے۔ “ (روایت امام احمد)

ذرا دیکھئے اس معاشرے کے عمومی آداب کیسے حسین ہیں اور جب کوئی احترام کے ساتھ تمہیں سلام کرے تو اس کو اس سے بہتر طریقہ کے ساتھ جواب دو یا کم ازکم (نساء : 86) ۔ اسی طرح ” اور لوگوں سے منہ پھیر کر بات نہ کر ، نہ زمین میں اکڑ کر چل ، اللہ کسی خود پسند اور فخر جتانے والے شخص کو پسند نہیں کرتا۔ (لقمان : 8) “ بدی کو نیکی سے رفع کر جو بہترین ہو ۔ تم دیکھو گے کہ تمہارے ساتھ جس کی عداوت پڑی ہوئی تھی ، وہ جگری دوست بن گیا۔ “ (حم سجدہ : 34) ” اے لوگو ! جو ایمان لائے ہو ، نہ مرد دوسرے مرد کا مذاق اڑائیں ، ہوسکتا ہے کہ وہ ان سے بہتر ہوں ، اور نہ عورتیں دوسری عورتوں کا مذاق اڑائیں ، ہوسکتا ہے کہ وہ ان سے بہتر ہوں۔ آپس میں ایک دوسرے پر طعن نہ کرو اور نہ ایک دوسرے کو برے القاب سے یاد کرو۔ ایمان لانے کے بعد فسق میں نام پیدا کرنا بہت بری بات ہے اور جو لوگ اس روش سے باز نہ آئیں وہ ظالم ہیں (الحجرات : 6) “۔” اور تم میں سے کوئی کسی کی غیبت نہ کرے گا ؟ دیکھو تم خود اس سے گھن کھاتے ہو ۔ اللہ سے ڈرو ، اللہ بڑا توبہ قبول کرنے والا ہے رحیم ہے ۔ “ (الحجرات : 12)

یہ معاشرہ ایسا ہے جو اپنے کو یہ ضمانتیں (Securities) دیتا ہے :” اے لوگو جو ایمان لائے ہو ، اگر کوئی فاسق تمہارے پاس کوئی خبر لے کے آئے تو تحقیق کرلیا کرو ، کہیں ایسا نہ ہو کہ کسی گروہ کو نادانستہ نقصان پہنچا بیٹھو اور پھر اپنے کئے پر پریشان ہو۔ “

” اے لوگوجو ایمان لائے ہو ، بہت گمان کرنے سے پرہیز کرو کہ بعض گمان گناہ ہوتے ہیں ۔ تجسّس نہ کرو۔ “ اے لوگو جو ایمان لائے ہو ، اپنے گھروں کے سوا دوسرے گھروں میں داخل نہ ہوا کرو جب تک گھروالوں کی رضانہ لے لو ، اور گھر والوں پر سلام نہ بھیج دو (النور : 72) ۔ “ ہر مسلمان دوسرے مسلمان پر حرام ہے یعنی اس کا خون ، اس کی عزت اور اس کا مال ۔ “

یہ پاک معاشرہ ایسا ہے کہ اس میں فحاشی نہیں پھیل سکتی ۔ اس میں بےحیائی کو پسند نہیں کیا جاتا ۔ اس میں فتنے کا رواج نہیں ۔ اس میں عریانی نہیں پھیلتی ۔ آنکھیں پوشیدہ مقامات جسم کی طرف ملتفت ہی نہیں ہوتیں ۔ اس میں لوگوں کی عصمتیں آزاد شہوت رانی سے محفوظ ہوتی ہیں ۔ اس میں جنسی خواہشات اور خون اور گوشت کاملاپ اس طرح آزاد نہیں ہوتا جس طرح نظام جاہلیت میں ہوتا ہے ، خواہ جاہلیت قدیمہ ہو یا جدیدہ ۔ اس سلسلے میں اسلامی معاشرہ پر ربانی ہدایات کی حکمرانی ہوتی ہے اور وہ ہر وقت اپنے رب کی بات سنتا ہے ۔ آپ بھی سنیں :” جو لوگ چاہتے ہیں کہ ایمان لانے والوں کے گروہ میں فحاشی پھیلے وہ دنیا اور آخرت میں دردناک سزا کے مستحق ہیں ۔ اللہ جانتا ہے اور تم نہیں جانتے ۔ (نور : 19) “ ” زانیہ عورت اور زانی مرد دونوں میں سے ہر ایک کو سو کوڑے مارو۔ اور ان پر ترس کھانے کا جذبہ اللہ کے دین کے معاملے میں تم کو دامن گیر نہ ہو۔ اگر تم اللہ تعالیٰ اور یوم آخرت پر ایمان رکھتے ہو اور ان کو سزا دیتے وقت اہل ایمان کا ایک گروہ موجود رہے۔ (نور : 4) “

” اور جو لوگ پاکدامن عورتوں پر تہمت لگائیں ، پھر چار گواہ نہ لے کر آئیں ، ان کو اسی کوڑے مارو اور ان کی شہادت کبھی قبول نہ کرو ، اور وہ خود ہی فاسق ہیں ۔ (النور : 31) “۔” اے نبی مومنین مردوں سے کہو اپنی نظریں بچاکررکھیں اور اپنی شرمگاہوں کی حفاظت کریں ، یہ ان کے لئے زیادہ پاکیزہ طریقہ ہے ، جو کچھ وہ کرتے ہیں اللہ اس سے باخبر رہتا ہے ، اور اے نبی مومن عورتوں سے کہہ دو کہ اپنی نظربچاکر رکھیں ، اور اپنی شرمگاہوں کی حفاظت کریں اور اپنا بناؤسنگھار نہ دکھائیں بجز اس کے کہ جو خود ظاہر ہوجائے اور اپنے سینوں پر اپنی اوڑھنیوں کے آنچل ڈالے رہیں ۔ وہ اپنے بناؤ سنگھارنہ ظاہر کریں مگر ان لوگوں کے سامنے شوہر ، باپ ، شوہروں کے باپ ، اپنے بیٹے ، شوہروں کے بیٹے ، بھائی بھائیوں کے بیٹے ، بہنوں کے بیٹے ، اپنے میل جول کی عورتیں ، اپنے لونڈی غلام ، وہ زیردست مرد جو کسی اور قسم کی غرض نہ رکھتے ہوں اور وہ بچے جو عورتوں کی پوشیدہ باتوں سے ابھی واقف نہ ہوئے ہوں۔ وہ اپنے پاؤں پر مارتی ہوئی نہ چلاکریں کہ اپنی جو زنیت انہوں نے چھپارکھی ہو ، اس کا لوگوں کو علم ہوجائے ۔ اے مومنو ! تم سب مل کر اللہ سے توبہ کرو ، توقع ہے کہ فلاح پاؤگے ۔ (الاحزاب : 33) “ پھر قرآن مجید خود رسول اللہ ﷺ کی عورتوں سے بھی خطاب کرتا ہے جو کردہ ارض پر پاکیزہ ترین عورتیں تھیں ، پاکیزہ ترین گھر ، پاکیزہ ترین خاندان میں اور پھر پاکیزہ ترین دور میں۔

” نبی کی بیویو ! تم عام عورتوں کی طرح نہیں ہو۔ اگر تم اللہ سے ڈرنے والی ہو تو دبی زبان سے بات نہ کیا کرو کہ دل کی خرابی کا مبتلا کوئی شخص لالچ میں پڑجائے بلکہ صاف سیدھی بات کرو۔ اپنے گھروں میں ٹک کر رہو اور سابق دور جاہلیت کی سج دھج نہ دکھاتی پھرو۔ نماز قائم کرو ، زکوٰۃ دو ، اور اللہ اور اس کے رسول کی اطاعت کرو ، اللہ تو یہ چاہتا ہے کہ تم اہل بیت نبی سے گندگی کو دور کرے اور تمہیں پوری طرح پاک کردے۔ “

ایسے معاشرہ میں بیوی کو خاوند پر اعتماد ہوتا ہے ۔ خاوند کو بیوی پر اعتماد ہوتا ہے ۔ والدین و سرپرست اپنی حرمتوں اور عصمتوں کے بارے میں مطمئن ہوتے ہیں ۔ لوگوں کو اپنے دلوں اور اپنے اعصاب پر اعتماد ہوتا ہے ۔ نظروں سے فتنے اوجھل ہوتے ہیں ، اس لئے وہ دلوں کو ممنوعات کی طرف کھینچ ہی نہیں سکتے ۔ اس کے مقابلے میں آج کل مغربی ممالک حال یہ ہے کہدزیدہ نگاہوں کا تبادلہ ہر وقت ہوتا رہتا ہے۔ اس معاشرے کے افراد کو ہر وقت خواہشات کو دبانا پڑتا ہے ۔ جس کے نتیجے میں وہ کئی قسم کی نفسیاتی بیماریوں کا شکار ہوتے ہیں ۔ ان کے اعصاب میں ہر وقت تناؤہوتا ہے جبکہ اسلام کا پاکیزہ اور عفت مآب معاشرہ ہر وقت تھما ہوا ہے ۔ اس معاشرے پر ہر وقت امن ، پاکیزگی اور سلامتی کے کشادہ پردوں کا سایہ ہوتا ہے۔

اور سب سے آخر میں یہ کہ معاشرہ ہر اس شخص کو جو کام کرنے کی قدرت رکھتا ہے ، رزق حلال اور روزگار کی ضمانت دیتا ہے ۔ یہ معاشرہ ہر معذور شخص کو شریفانہ زندگی اور مناسب ضروریات زندگی کی ضمانت دیتا ہے۔ جو شخص عفت اور پاکدامنی کی زندگی بسر کرنا چاہتا ہے ، اس معاشرے میں اس کے لئے جائز نکاح کی سہولتیں ہوتی ہیں ۔ اسے صالح رفیقہ حیات ملتی ہے۔ یہ ایسا معاشرہ ہوتا ہے کہ اگر اس کے کسی محلے میں کوئی بھوک سے مرجائے تو وہ تمام محلہ کو موت کا قانوناً ذمہ دار ٹھہراتا ہے ۔ اور ان پر تعزیری شرائط عائد کرتا ہے ، بعض فقہاء اور قانون دانوں نے لکھا ہے کہ اہل محلہ کو بطور تاوان اس شخص کی دیت ادا کرنی ہوگی۔

اور پھر ایک نئے پہلو سے دیکھئے ، ی معاشرہ اپنے افراد کو شہری آزادیوں کی ضمانت دیتا ہے ۔ اس میں لوگوں کی شرافت ، ان کی عزتیں اور ان کے جان ومال ازروئے قانون محفوظ ہوتے ہیں ۔ اس بات کی ضمانت خود شارع مطلق رب ذوالجلال دیتا ہے ، جو مطاع ہے اور اس معاشرے میں اس کی ہر بات قانون ہے ۔ لہٰذا اس معاشرے میں محض شک کی بنیاد پر کوئی نہ پکڑاجائے گا۔ کسی کی دیوار کو پھاند کر کوئی کسی کا حق تنہائی چھین نہ لے گا۔ کوئی شخص کسی کے خلاف تجسس نہ کرسکے گا ۔ اس معاشرے میں اگر کسی کا خون بہا تو وہ لغو نہ جائے گا بلکہ قصاص نافذ ہوگا۔ کسی کا مال چوری یا ڈاکے میں نہ جائے گا کیونکہ اس میں حدود نافذ ہیں۔

پھر اس معاشرے کا سیاسی نظام شوریٰ تعاون اور آزادی رائے اور ضمانت حق تنقید (نصح) پر قائم ہوتا ہے ۔ اس معاشرے میں انصاف اور قانون کی نظروں میں سب لوگ برابر ہوتے ہیں ۔ اس کا ہر فرد یہ شعور رکھتا ہے کہ اس کے بارے میں ہر قانونی فیصلہ اللہ کی جانب سے ہے ۔ اللہ کے قانون کا فیصلہ ہے ، اس میں نہ حاکم وقت کا دخل ہے ، نہ اس کے کسی حاشیہ نشین کا دخل ہے اور نہ ہی اہل کار ان سرکار کے رشتہ داروں کا دخل۔

الغرض پورے انسانی معاشروں میں یہ واحد معاشرہ ہے ، جس میں انسان ، انسان کے تابع نہیں ہے ، بلکہ تمام انسان حاکم ہوں یا محکوم ہر صورت میں اللہ اور اس کی شریعت کے تابع ہیں ۔ حاکم ہوں کہ محکوم دونوں اللہ کی شریعت کو نافذ کرتے ہیں ، چناچہ سب کے سب برابری اور مساوات کے ساتھ ، پورے ایمان ، پورے یقین اور پورے وثوق کے ساتھ ، اللہ رب العالمین اور احکم الحاکمین کے سامنے قدم بقدم کھڑے ہوتے ہیں۔

یہ سب معانی المسلم کے مفہوم میں داخل ہوتے ہیں ، جو آیت میں استعمال ہوا ہے اور جس میں مومنین کو پورا پورا داخل ہونے کی دعوت دی گئی ہے تاکہ وہ اپنے نفس کو اللہ تعالیٰ کے سپرد کردیں ۔ اس طرح کہ ان کے لئے ان کے نفس کا کچھ حصہ بھی نہ رہے ۔ سب کا سب اللہ کا ہوجائے ، اطاعت وانقیاد میں اور تسلیم ورضا میں ۔

امن وسلامتی کے اس مفہوم کا صحیح ادراک تب ہی ہوسکتا ہے جب ہم ان معاشروں مطالعہ کریں ، جو اسلام سے متعارف نہیں ہیں یا اسلام سے متعارف تو ہیں لیکن پھر بھی اس سے بیگانہ ہوگئے ہیں اور دوبارہ نظام جاہلیت کی طرف پلٹ گئے ہیں اور مختلف ادوار میں انہوں نے اپنے لئے مختلف نام اور مختلف عنوان تجویز کئے ۔ ان معاشروں کی حالت یہ ہے کہ وہ بےیقینی میں مبتلا ہیں ۔ ایمان سے خالی ہیں ۔ ان کے افراد نفیساتی اور اعصابی پریشانیوں اور بےچینیوں کا شکار ہیں ۔ یہ معاشرے تہذیبی ترقی کے اعلیٰ معیار تک پہنچے ہوئے ہیں ۔ ان میں ساری سہولتیں اپنے انتہاء کو پہنچی ہوئی ہیں اور وہ تمام سہولتیں وافر ہیں جنہیں کوئی بھی گم کردہ راہ جاہلی تہذیب ترقی کے لئے ضروری سمجھتی ہو۔

اس مثال کا مطالعہ کیجئے ۔ سویڈن دنیا کے تمام ممالک میں زیادہ ترقی یافتہ ہے جس کے ہر فرد پر قومی دولت سے پانچ سو پونڈ سالانہ خرچ کیا جاتا ہے ۔ جہاں ہر آدمی کے لئے علاج ومعالجے کی ضمانت حاصل ہے۔ جہاں علاج کے نقد رقم دی جاتی ہے ، اور ہسپتالوں میں علاج مفت ہے ۔ جہاں ہر مرحلہ تعلیم میں تعلیم بالکل مفت ہے ، جہاں ہر طالب علم کو کپڑوں کا الاؤنس دیا جاتا ہے ۔ اور لائق طالب علموں کو قرض بھی دیا جاتا ہے ، جہاں حکومت تین سو پونڈ شادی الاؤنس دیتی ہے تاکہ گھریلوسامان خریدا جاسکے ۔ غرض ان کے علاوہ متعدد سہولیات اور آسانیاں ہیں جو وہاں عوام کو میسر ہیں لیکن اس مادی ترقی اور تہذیبی سہولتوں کے نتائج کیا ہیں ؟ جبکہ ان فرزندان تہذیب کے دل ایمان سے خالی ہیں۔

اس قوم کا حال یہ ہے کہ آزادانہ جنسی اختلاط کی وجہ سے جسمانی لحاظ سے پوری قوم مسلسل روبزوال ہے ۔ آزادانہ جنسی اختلاط ، فتنہ انگیزعریانی اور آزادنہ جنسی بےراہ روی کی وجہ سے ہر چھٹی شادی طلاق پر منتج ہوتی ہے ۔ جدید نسل بری طرح منشیات کی عادی ہوچکی ہے ۔ ان منشیات کے استعمال سے یہ لوگ اس روحانی خلا کو بھرتے ہیں اور بےیقینی کے نتیجے میں پیدا ہونے والے عدم اطمینان کا نعم البدل تلاش کرتے ہیں ۔ نفسیاتی بیماریاں ، اعصابی بیماریاں اور جنسی بیماریاں وبا کی طرح ان کے دماغ ، ان کے اعصاب اور ان کی روح پر حملہ آور ہیں اور ہزاروں آدمی ان میں بری طرح مبتلا ہیں ۔ اس بےچینی کی انتہا اس وقت ہوتی ہے ، جب ایک شخص تنگ آکر خودکشی کا فیصلہ کرتا ہے۔

امریکہ کا حال بھی ایسا ہے بلکہ اس سے بھی بدتر ہے۔ اور روس کے حالات تو اس سے بھی بدتر ہیں ۔

یہ تلخی اور بدبختی مقدر ہے ہر اس شخص کے لئے جس کا دل فرحت ایمان سے خالی ہے ، بشاست ایمانی سے خالی ۔ ایسا شخص ہرگز امن وسلامتی سے لطف نہیں اٹھاسکتا ، جس میں پوری طرح داخل ہونے کی دعوت ، مسلمانوں کو دی جارہی ہے تاکہ وہ اس کے سائے میں امن و آرام اور قرار و سکون سے خوش وخرم رہیں ۔

يَا أَيُّهَا الَّذِينَ آمَنُوا ادْخُلُوا فِي السِّلْمِ كَافَّةً وَلا تَتَّبِعُوا خُطُوَاتِ الشَّيْطَانِ إِنَّهُ لَكُمْ عَدُوٌّ مُبِينٌ (208)

” اے ایمان والو ! تم پورے کے پورے اسلام میں ، امن میں داخل ہوجاؤ اور شیطان کی پیروی نہ کرو ، کہ وہ تمہارا کھلا دشمن ہے ۔ “

اس دعوت کے ساتھ ساتھ کہ تم پورے کے پورے ، اس امن وسلامی (اسلام) میں داخل ہوجاؤ، مسلمانوں کو خبردار کیا جارہا ہے کہ تم ہرگز شیطان کی پیروی نہ کرنا ۔ کیونکہ راستے دو ہی ہیں ۔ ایک اسلام کا ، سلامتی کا راستہ اور شیطان کے نقش قدم والا راستہ ۔ ایک طرف ہدایت کی راہ ہے ، دوسری طرف گمراہی کی راہ ہے ۔ ایک طرف اسلام ہے ، اور دوسری طرف جاہلیت ہے ۔ یا اللہ کا راستہ یا شیطان کا راستہ یا اللہ کی ہدایت اور یا شیطان کی غوایت ہے۔ مسلمانوں کو چاہئے کہ وہ اپنے موقف کے فیصلہ کن انداز کو اچھی طرح سمجھے ، چناچہ اس سلسلے میں وہ کسی تردد ، کسی حیرانی کیو قریب نہ آنے دے اور مختلف راستوں کو دیکھ کر ایک منٹ کے لئے بھی متحیر نہ ہو ۔

حقیقت یہ ہے کہ ایک مومن کو یہ آزادی نہیں دی گئی کہ وہ زندگی کے متعدد نظاموں میں سے کسی ایک نظام حیات کو اپنے لئے چن لے ۔ یا ایک دونظاموں کے اجزا کو ملاکر ایک تیسرا نظام گھڑ لے۔ اس کے صرف دوراستے ہیں ، حق یا باطل ، ہدایت یا ضلالت ، اسلام یا جاہلیت ، اللہ کا نظام زندگی ہے یا شیطان کی گمراہی ہے ۔ یہاں اس آیت میں ایک تو اللہ مسلمانوں کو یہ دعوت دیتا ہے کہ وہ پورے کے پورے سلامتی کے اس نظام میں آجائیں ۔ دوسرے انہیں اس بات سے منع کرتا ہے کہ وہ شیطان کی پیروی کریں ۔ یہاں ان کے ضمیر اور شعور کو بیدار کیا جارہا ہے ۔ انہیں شیطان کی جدی عدوات یاد دلاکر چوکنا کیا جارہا ہے۔ بتایا جاتا ہے شیطان کے تمہارے ساتھ جو دشمنی ہے وہ کوئی پوشیدہ اور چھپی ہوئی دشمنی نہیں ہے ۔ یہ بالکل بین اور واضح ہے ۔ اسے تو صرف وہ شخص بھول سکتا ہے جو غافل ہو ۔ اور غفلت اور ایمان ایک جگہ جمع نہیں ہوسکتے ۔

اردو ترجمہ

جو صاف صاف ہدایات تمہارے پا س آ چکی ہیں، اگر ان کو پا لینے کے بعد پھر تم نے لغز ش کھائی، تو خوب جان رکھو کہ اللہ سب پر غالب اور حکیم و دانا ہے

انگریزی ٹرانسلیٹریشن

Fain zalaltum min baAAdi ma jaatkumu albayyinatu faiAAlamoo anna Allaha AAazeezun hakeemun

اب بتایا جاتا ہے کہ اگر ان ہدایات اور واضح ہدایات کے بعد بھی تم لغزش کھاتے ہو تو تمہارا انجام اچھا نہ ہوگا ۔ فَإِنْ زَلَلْتُمْ مِنْ بَعْدِ مَا جَاءَتْكُمُ الْبَيِّنَاتُ فَاعْلَمُوا أَنَّ اللَّهَ عَزِيزٌ حَكِيمٌ” جو صاف صاف ہدایات تمہارے پاس آچکی ہیں ، اگر ان کے پالینے کے بعد پھر تم نے لغزش کھائی ، تو خوب جان رکھو کہ اللہ سب پر غالب اور حاکم ہے ۔ “

وہ عزیز ہے اور غالب ہے ۔ اشارہ اس طرف ہے کہ وہ قوت اور غلبے کا مالک ہے ۔ اگر وہ اللہ کی ہدایات کی خلاف ورزی کریں گے تو انہیں اللہ کی قوت قاہرہ کا سامنا کرنا ہوگا۔ اور وہ حکیم ہے ، صاحب حکمت ہے۔ اشارہ اس طرف ہے کہ اس نے تمہارے لئے جو نظام زندگی تجویز کیا ہے ، وہ بہتر ہے اور جس سے اس نے تمہیں روکا ہے وہ دراصل تمہارے لئے برا ہے اور اگر وہ اللہ کے احکام کی پیروی نہیں کریں گے اور اس کی منع کی ہوئی چیزوں سے نہیں چبیں گے تو انہیں سخت خسارہ ہوگا ۔ اس لئے اس تعقیب اور خلاصے کے دونوں حصے دراصل سخت تنبیہ ہیں اور ایک ڈراوا ہیں ۔

اب یہاں سے تنبیہ و تخویف کے لئے ایک جدید اسلوب اختیار کیا جاتا ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ اسلام میں پورے نہ آنے اور شیطان کی پیروی اختیار کرنے پر نتائج کیا ہوسکتے ہیں ۔ اب خطاب کا انداز ترک کرکے غائب کے صیغے استعمال کئے جاتے ہیں۔

اردو ترجمہ

(اِن ساری نصیحتوں اور ہدایتوں کے بعد بھی لوگ سیدھے نہ ہوں، تو) کیا اب وہ اِس کے منتظر ہیں کہ اللہ بادلوں کا چتر لگائے فرشتوں کے پرے سا تھ لیے خود سامنے آ موجود ہو اور فیصلہ ہی کر ڈالا جائے؟ آخر کار سارے معاملات پیش تو اللہ ہی کے حضور ہونے والے ہیں

انگریزی ٹرانسلیٹریشن

Hal yanthuroona illa an yatiyahumu Allahu fee thulalin mina alghamami waalmalaikatu waqudiya alamru waila Allahi turjaAAu alomooru

ھل ، کے لفظ کے ساتھ عربی میں ایسا سوال ہوتا ہے جس میں ناپسندیدگی کا اظہار بھی ہو۔ اس کے جواب میں وہ وجوہات بیان کی گئیں ہیں جن کی وجہ سے بعض مخالفین ، اسلام کو قبول کرنے میں پش وپیش کررہے ہیں اور پورے کے پورے اسلام میں داخل نہیں ہوتے ۔ وہ کیا وجہ ہے جس کی وجہ سے وہ اسلام کی اس دعوت کو قبول نہیں کرتے ؟ وہ کس چیز کا انتطار کررہے ہیں ۔ یہ اسی طرح بغیر کسی وجہ کے انتظار کرتے رہیں گے ، اور اللہ تعالیٰ بادلوں کا کا چتر لگائے آجائے گا۔ فرشتے آجائیں گے ؟ بالفاظ دیگر کیا یہ لوگ اس خوفناک دن کا انتظارکر رہے ہیں ۔ جس کے بارے میں اللہ تعالیٰ نے یہ فرمایا ہے کہ اللہ بادلوں کا چتر لگائے ہوئے آئیں گے اور فرشتے صفیں باندھے ہوئے ہوں گے کوئی بات نہ کرے گا ۔ مگر وہ شخص جسے بات کی اجازت ہوگی اور وہ بات بھی درست کررہا ہوگا۔

اچانک ........ ہم اس تہدید آمیز سوال کے بارے میں سوچ ہی رہے تھے کہ اچانک کیا دیکھتے ہیں کہ گویا وہ دن پہنچ ہی گیا اور فیصلہ ہو ہی گیا ۔ معاملہ ختم ہی ہوگیا ۔ لوگوں کے سامنے اچانک وہ منظر آجاتا ہے ، جس سے انہیں ڈرایا جارہا تھا۔ جس کی طرف اشارہ ہورہا تھا۔ قُضِيَ الأمْرُ (” اور فیصلہ ہو ہی گیا) “ وقت کا دفتر لپیٹ کر رکھ دیا گیا ۔ فرصت کے اوقات ختم ہوگئے ۔ نجات مشکل ہوگئی ۔ اب تو گویا لوگ اللہ تعالیٰ کے سامنے کھڑے ہیں۔ اس اللہ کے سامنے جس کے آگے سارے معاملات کو پیش ہونا ہے : وَإِلَى اللَّهِ تُرْجَعُ الأمُورُ ” تمام امور نے اللہ کے حضور پیش ہونا ہے ۔ “

یہ قرآن مجید کا انوکھا انداز ہے ۔ تمام دوسری تقاریر اور تحریروں سے یہ انداز اسے امتیازی حیثیت دیتا ہے ۔ وہ طریقہ یہ ہے کہ قرآن مجید ، چند لمحوں کے اندر اندر کسی بھی منظر کو زندہ ومتحرک صورت میں پیش کرتا ہے ۔ انسان یہ محسوس کرتا ہے کہ گویا وہ اس منظر کے سامنے کھڑا ہے اور وہ دیکھتا ہے ، سنتا ہے ، اور اپنی آنکھوں سے گویا اس منظر کا معائنہ کررہا ہے۔

کب تک یہ لوگ پیچھے رہیں گے اور اس سلامتی میں داخل نہ ہوں گے ۔ خوفناک دن ان کے انتظار میں ہے ۔ بلکہ وہ اچانک ان پر آنے ہی والا ہے ۔ اور سلامتی ان کے قریب ہے ۔ دنیا کی سلامتی اور آخرت کی سلامتی ، جس دن آسمان پر بادل پھٹے پھٹے ہوں گے اور فرشتے اتر رہے ہوں گے ۔ جس دن روح اور ملائکہ صف بستہ کھڑے ہوں گے ، کوئی نہ بولے گا سوائے اس کے جسے رحمان اجازت دے اور جو ٹھیک بات کہے ، وہ دن جب فیصلہ اللہ کرے گا ۔ وہ دیکھو گویا اس نے معاملات چکا دئیے اور سب معاملات کو آخر کار اللہ کے حضور پیش ہونا ہی ہے ۔ وَإِلَى اللَّهِ تُرْجَعُ الأمُورُ

اب اس اندازکلام میں اچانک ایک اور تبدیلی آتی ہے ۔ روئے سخن رسول اللہ ﷺ کی طرف جاتا ہے ۔ آپ ﷺ سے کہا جاتا ہے کہ ذرا بنی اسرائیل سے تو پوچھئے ، بنی اسرائیل ان لوگوں کے سرخیل تھے جو دعوت اسلامی کو قبول کرنے میں متردد تھے اور پس وپیش کرتے تھے ۔ اسی صورت میں ان کے بارے میں کہا گیا ہے ” اللہ نے بیشمار واضح نشانیاں انہیں دکھائیں لیکن پھر بھی انہوں نے دعوت کو قبول نہ کیا۔ لیکن انہوں نے ایمان کی نعمت اور سلامتی کے مقابلے میں کفر کو اختیار کیا ۔ حالانکہ یہ انعامات بذریعہ رسول خود ان کے ہاں بھیجی گئیں تھیں۔ “

32